
لاہور(این ایل آئی)پاکستان تحریک مساوات کی سربراہ میڈم مسرت شاہین نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی یہ بزدلانہ کارروائی انتہائی قابلِ مذمت ہے۔ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے عناصر انسانیت اور ملک کے دشمن ہیں، جنہیں کسی صورت معاف نہیں کیا جا سکتا۔
میڈم مسرت شاہین نے دھماکے میں جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور زخمیوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں پوری قوم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں، ذمہ دار عناصر کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
میڈم مسرت شاہین نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم اور ریاستی ادارے متحد ہیں۔ بزدلانہ کارروائیاں قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں، اور ملک سے دہشت گردی کے خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔