
پشاور(این ایل آئی)وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان نے اپنے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ ہم نے 2 سال میں احتجاج اور دھرنے کی کوئی بات نہیں کی، موجودہ وقت میں کوئی بھی بریک تھرو نہیں ہو سکتا، اب جو بھی ہو گا 27 ستمبر کے بعد ہو گا، ہماری توجہ 27ستمبر کے مارچ پر ہے۔
وزیراطلاعات کےپی شفیع جان نے کہا کہ 2سال میں ہم نے مذاکرات کو بھی وقت دیا، وزیراعظم اتنا بے بس ہے کہ اپوزیشن لیڈر سے ملاقات نہیں کر پا رہا، جب بھی ایسا مومنٹم بنتا ہے تو حکومت پر خوف طاری ہو جاتا ہے، اگر ان کے پاس عدالتی فیصلہ ہے تو ہمارے پاس آئین پاکستان ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ سے پوچھنا چاہیےآپ نے بانی کی صحت پر 20 فیصلے دیئے، ان فیصلوں پر کوئی عمل درآمدنہیں ہو رہا،ہائیکورٹ اپنے فیصلوں پر عمل کروائے۔
شفیع جان نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ اپنی ساکھ اور وقار کو بحال کرے، عدالتی فیصلے پر ریویو پٹیشن کیلئے قانونی ٹیم مشاورت کر رہی ہے، بیرسٹر گوہر کا محسن نقوی سے رابطہ رہتاہے، محسن نقوی پریس کانفرنس میں دھمکیاں دے رہے تھے، کہتے ہیں گولی چلائیں گے تو ہم بھی گولی چلائیں گے،ہم نے کب گولی چلائی؟ ہم 27ستمبر کو نکلیں گے،20لاکھ سے زیادہ لوگ ساتھ ہوں گے۔
ان کا کہناتھا کہ کے پی کاقافلہ سہیل آفریدی کی قیادت میں اسلام آبادکی طرف بڑھےگا، باقی صوبوں کے لوگوں کو ہم اسلام آباد کی طرف نہیں بلا رہے، کے پی کے قافلے کے لیے 4 پلان ہم نے بنائے ہیں، 27سے 3دن پہلے ہم بتائیں گے اسلام آباد میں کیا کرنا ہے،کہاں بیٹھناہے، اس بار ہماری تیاری فول پروف ہے، انہوں نے جتنی بڑھکیں مارنی ہیں 27ستمبر سے پہلے مار لیں، ہمارے پاس بھی غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
وزیر اطلاعات کے پی کے نے کہا کہ اس بار جو پلان ہم نے کیا ہے ان کے ہوش ٹھکانےآجائیں گے، پنجاب میں مریم نواز فیڈریشن کے لیے خطرہ ہے، ہم لاہور،حیدرآباد،کراچی اور بڑے شہروں کو بند کریں گے، ہمارے ٹکٹ ہولڈرز اور عہدیداران اپنے شہر بند کریں گے، کے پی کا قافلہ اسلام آباد کی طرف بڑھےگا، ہم پورا پاکستان بند کرنے کا پلان کر رہے ہیں ، بڑے شہروں کی اہم شاہراوں پر ہمارے لوگ بیٹھیں گے، جو کنٹینر ہم کےپی سے روانہ کریں گےاسکی ڈرائیونگ سیٹ پر سہیل آفریدی ہوں گے، اس کنٹینر پر واضح اور بڑے انداز میں لکھا ہو گاآزادی یا شہادت ۔