Pakistan

عمران خان کو نجی ہسپتال منتقل کرنے کے حکم سے متعلق عدالتی ریکارڈ وفاقی آئینی عدالت طلب

 

اسلام آباد(این ایل آئی)پاکستان کی وفاقی آئینی عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو نجی ہسپتال منتقل کرنے سے متعلق تمام عدالتی ریکارڈ سپریم کورٹ سے طلب کر لیا ہے۔

وفاقی آئینی عدالت نے سپریم کورٹ کے اس فیصلے پر عمل درآمد نہ ہونے پر عمران خان کی بہن کی جانب سے توہین عدالت کی درخواست اور حکومت کی طرف سے سپریم کورٹ کے اس فیصلے کے خلاف دائر کی گئی نظرثانی کی اپیل کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا ہے۔

وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس امین الدین کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے یہ حکم راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے تین قیدیوں کی درخواستوں پر دیا ہے۔ اس سے قبل یہ درخواستیں اسلام آباد ہائی کورٹ مسترد کر چکی ہے۔ اڈیالہ جیل کے اِن قیدیوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو آئینی عدالت میں چیلنج کیا تھا۔

وفاقی آئینی عدالت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف ان تین قیدیوں کی درخواست کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے ان درخواستوں کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔

جواب دیں