Pakistan

قیدیوں کی اصلاح میں فلاح کاراز ہے،محسن رفیق چوہدری

ہرفرد معاشرے کی تعمیر کیلئے اپنا کردارادا کرے:ڈاکٹرمحمد عمران سے گفتگو

لاہور( این ایل آئی) ڈی آئی جی جیل خانہ جات لاہور محسن رفیق چوہدری نے کہا کہ زندانوں کوعقوبت خانوں کی بجائے تربیت گاہ بنادیا۔جیل حکام کی دلچسپی اورکاوش نے زندان سے رہا ہونیوالے ہزاروں قید یوں کو معاشرے کامفید شہری بنادیا ہے۔ہمیں ایک دوسرے کوبندگلی سے باہر آنے اورسدھرنے کی مہلت دینا اوربرائیوں سے توبہ کرنیوالے کی معذرت قبول کرنا ہوگی۔ ہرفرداپنے آس پاس بہترین معاشرے کی تعمیر کاخواب شرمندہ تعبیرکرنے اور مجرمانہ سرگرمیوں کے سدباب کیلئے اپنا کلیدی کردارادا کرے۔وہ اپنے آفس میں انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ کے مرکزی وائس چیئرمین ڈاکٹر محمدعمران سے بات چیت کررہے تھے۔محسن رفیق چوہدری نے مزید کہا کہ قیدیوں کی اصلاح میں ان سمیت ان کے پیاروں کی اجتماعی فلاح کاراز پنہاں ہے۔ فی زمانہ باعزت زندگی سے زیادہ کوئی بیش قیمت نعمت نہیں ہوسکتی۔انہوں نے کہا کہ بچے اپنے بڑوں کی اچھی اوربری دونوں عادات کوبغور دیکھتے اوران سے سیکھتے ہیں لہٰذاء ہمیں قوم کے بیٹوں اوربیٹیوں کی مثالی تعلیم وتربیت کیلئے اپنا قبلہ درست رکھناہوگا۔زندانوں میں قیدیوں کااپنامحاسبہ انہیں مجرمانہ سوچ اورسرگرمیوں سے بیزار کردیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مختلف وجوہات کے نتیجہ میں مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر اپنے گناہوں سے سچی توبہ کرکے یقینا پھر سے اپنی عزت اوراپنا اعتماد بحال کرسکتے ہیں۔ معاشرے نے آج تک کسی مجرم کاانجام اچھا نہیں دیکھا، ہر خطاء کار کی زندگی میں ایک یاایک سے زائدبار یوٹرن کاآپشن ضرورآتا ہے۔انہوں نے کہا کہ گناہوں کی زندگی میں کچھ نہیں پڑا، اب بھی وقت ہے جوسدھرناچاہتا ہے وہ سدھر جائے معاشرہ یقینا برائی سے اچھائی کی طرف واپس پلٹ آنیوالے افراد کوصمیم قلب سے خوش آمدید کہتا ہے۔

جواب دیں