PakistanSports

خالد محمود رخصت ہوگئے

تحریر۔شہزادہ عالمگیر

پاکستان ہاکی کے ایک عظیم سپوت، سابق قومی کپتان اور اولمپین خالد محمود آج ہم سے ہمیشہ کے لیے رخصت ہو گئے۔84 برس کی عمر میں ان کا انتقال صرف ایک عظیم کھلاڑی کی جدائی نہیں، بلکہ پاکستان ہاکی کی ایک سنہری نسل کے ایک اور روشن باب کا اختتام ہے۔

خالد محمود نے وہ وقت دیکھا جب پاکستان ہاکی دنیا کے میدانوں پر حکمرانی کرتی تھی، جب سبز ہلالی پرچم بلند ہوتا تھا اور پوری قوم اپنے ہاکی کے ہیروز پر فخر کرتی تھی۔ انہوں نے اپنی جوانی، اپنی صلاحیت اور اپنی زندگی کا ایک اہم حصہ پاکستان کے قومی کھیل کے نام کیا اور سبز شرٹ پہن کر ملک کی عزت اور وقار کے لیے میدان میں اترے۔آج ان کے جانے سے پاکستان ہاکی فیملی کا دل ایک بار پھر سوگوار ہے۔ کچھ کھلاڑی صرف کھیل کا حصہ نہیں ہوتے، وہ تاریخ کا حصہ بن جاتے ہیں۔ خالد محمود بھی انہی عظیم لوگوں میں شامل تھے۔ ان کی خدمات، ان کی قیادت اور پاکستان ہاکی سے ان کی محبت آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔وقت گزر جاتا ہے، نسلیں بدل جاتی ہیں، میدان بدل جاتے ہیں، لیکن اپنے وطن کے لیے کھیلنے والے سچے ہیروز کبھی دلوں سے نہیں جاتے۔

خالد محمود صاحب، آپ چلے گئے، مگر آپ کی یاد، آپ کی خدمات اور سبز شرٹ سے جڑی آپ کی داستان ہمیشہ زندہ رہے گی۔اللہ سبحانہٗ وتعالیٰ مرحوم خالد محمود کی کامل مغفرت فرمائے، ان کی تمام نیکیوں کو قبول فرمائے، ان کے درجات بلند فرمائے، ان کی قبر کو نور سے بھر دے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ ترین مقام عطا فرمائے۔

جواب دیں