لاس اینجلس: امریکا کے دوسرے بڑے سرکاری اسکول ڈسٹرکٹ لاس اینجلس یونیفائیڈ اسکول ڈسٹرکٹ نے طلبہ کی جانب سے جنریٹو مصنوعی ذہانت (AI) کے استعمال پر پابندی عائد کردی۔
اس فیصلے کے تحت تمام جماعتوں کے طلبہ اسکول کی جانب سے فراہم کردہ ڈیوائسز پر جنریٹو اے آئی استعمال نہیں کرسکیں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ فیصلہ طلبہ کی جانب سے اے آئی کے استعمال سے پیدا ہونے والے ممکنہ خطرات کا جائزہ لینے اور مناسب حفاظتی اقدامات تیار کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
امریکی ماہرین تعلیم کے مطابق طلبہ کو اے آئی خواندگی ضرور سکھائی جانی چاہیے، تاہم اس کے لیے لازمی نہیں کہ انہیں اسکول میں اے آئی ٹولز استعمال کرنے کی اجازت دی جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ بہت سے اے آئی پلیٹ فارمز محفوظ تعلیمی استعمال کے لیے مکمل طور پر تیار نہیں۔
یہ اقدام نیویارک سٹی میں اے آئی کے استعمال پر عارضی پابندی کے بعد سامنے آیا ہے۔ امریکی نوجوانوں میں تعلیمی سرگرمیوں کے لیے اے آئی کے بڑھتے ہوئے استعمال کے باعث ملک بھر میں اسکول انتظامیہ ٹیکنالوجی کے استعمال کے لیے نئی حدود مقرر کرنے پر غور کر رہی ہے۔
لاس اینجلس اسکول ڈسٹرکٹ نے 2024 میں بھی کلاس رومز میں موبائل فونز کے استعمال پر پابندی عائد کی تھی۔