ماسکو/کیف: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور ان کے داماد جیرڈ کشنر اس ہفتے کے اختتام پر روس اور یوکرین کا دورہ کریں گے تاکہ جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات کو آگے بڑھایا جا سکے۔
یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے تصدیق کی ہے کہ وہ اتوار کو دونوں امریکی نمائندوں سے ملاقات کریں گے۔ اس سے قبل وٹکوف اور کشنر ہفتے کو ماسکو میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کریں گے۔
صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکی ایلچی جنگ کے خاتمے کی ایک تجویز لے کر جا رہے ہیں۔ تاہم روس اور یوکرین کے درمیان اہم معاملات پر اب بھی شدید اختلافات موجود ہیں۔
دوسری جانب زیلنسکی نے بتایا کہ روسی ڈرون نے کیف میں یوکرین کی سیکیورٹی سروس کے سربراہ اولیکسینڈر پوکلاڈ کے دفتر کو نشانہ بنایا، تاہم وہ محفوظ رہے۔ زیلنسکی نے روسی وفد کے دورے کے دوران فضائی حدود کی حفاظت کی ضمانت دینے کی پیشکش بھی کی اور روس سے بھی اسی اقدام کا مطالبہ کیا۔
روسی صدر پیوٹن نے بھی حالیہ بیان میں کہا تھا کہ امن معاہدے کے امکانات موجود ہیں، تاہم ان کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے ماسکو اور کیف کو باہمی طور پر کسی سمجھوتے پر پہنچنا ہوگا۔
پیوٹن یوکرین سے مزید علاقائی رعایتوں سمیت اپنے اہم مطالبات سے پیچھے ہٹنے کا اشارہ نہیں دے رہے، جبکہ کیف اور اس کے یورپی اتحادی ان شرائط کو مسترد کرتے ہوئے انہیں یوکرین کی خودسپردگی کے مترادف قرار دیتے ہیں۔
روس نے فروری 2022 میں یوکرین پر مکمل حملہ کیا تھا اور اس وقت یوکرین کے تقریباً 20 فیصد علاقے پر روسی افواج کا کنٹرول ہے۔