مشرق وسطیٰ کشیدگی، خام تیل کی قیمتیں 6 ہفتے کی بلند ترین سطح پر
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں مسلسل چوتھے روز بڑھتے ہوئے 6 ہفتے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔ قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجوہات مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی، ایران پر امریکی حملے اور اسرائیل کی جانب سے تہران کو دوبارہ دھمکیاں قرار دی جا رہی ہیں۔
رائٹرز کے مطابق برینٹ خام تیل 59 سینٹ اضافے کے بعد 96.22 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی ڈبلیو ٹی آئی 78 سینٹ بڑھ کر 91.79 ڈالر فی بیرل ہوگیا۔
دوسری جانب آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی بحری جہازوں کی تعداد میں بھی کمی آئی ہے۔ بدھ کو صرف 6 کمرشل بحری جہاز آبنائے ہرمز سے گزرے جبکہ ایک روز قبل یہ تعداد 11 تھی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق عالمی تیل ذخائر میں کمی اور مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال نے تیل کی قیمتوں کو مزید سہارا دیا ہے۔
اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ تہران کی جانب سے حملے کی صورت میں اسرائیل ایرانی فوجی اور شہری بنیادی ڈھانچے، بشمول توانائی کے مراکز، کو مفلوج کردے گا۔
رپورٹ کے مطابق خام تیل مہنگا ہونے سے عالمی سطح پر مہنگائی بڑھنے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں، جس کے باعث امریکی فیڈرل ریزرو کی رواں ماہ شرح سود میں اضافے کے امکانات پر بھی مارکیٹ میں قیاس آرائیاں بڑھ گئی ہیں۔