اسلام آباد لوکل گورنمنٹ بل 2026 قائمہ کمیٹی سے منظور، پیپلز پارٹی کی مخالفت
اسلام آباد(ہم شہری) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے پیپلز پارٹی کی مخالفت کے باوجود اسلام آباد لوکل گورنمنٹ آرڈیننس بل 2026 کثرتِ رائے سے منظور کرلیا۔
بل پر ووٹنگ کے دوران کمیٹی کے 12 ارکان موجود تھے، جن میں سے 8 نے بل کے حق میں جبکہ پیپلز پارٹی کے 4 ارکان نے مخالفت میں ووٹ دیا۔
بحث کے دوران پیپلز پارٹی کے عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ قانون کے تحت مقرر ہونے والا ایڈمنسٹریٹر بغیر مدت کے اختیارات استعمال کرے گا۔ آغا رفیع اللہ نے بھی بل پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں اسپتال تک نہیں سنبھالے جاتے اور نئے صوبوں کی بات کی جارہی ہے۔
وزیر مملکت طلال چوہدری نے عبدالقادر پٹیل کے مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں حالیہ بارشوں کے دوران کوئی بڑا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا، اس لیے حقائق کو سامنے رکھ کر بات کی جائے۔
عبدالقادر پٹیل نے اسلام آباد کی صورتحال پر تنقید کرتے ہوئے کراچی کے کردار کا بھی ذکر کیا۔ اس پر کمیٹی چیئرمین نے سیاسی بحث سے گریز کی ہدایت کرتے ہوئے ایجنڈا ختم کردیا۔