100 کلومیٹر دوڑنے کے بعد کرکٹر نے گیند کرا کے عالمی ریکارڈ کی کوشش کردی
لندن: برطانیہ کے 22 سالہ کلب کرکٹر سام بوڈوانو نے عالمی ریکارڈ بنانے کے لیے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ سے 100 کلومیٹر سے زائد دوڑنے کے بعد گیند کرائی۔
سام بوڈوانو نے 101.38 کلومیٹر کا فاصلہ 14 گھنٹے 6 منٹ میں طے کیا اور شمالی لندن کے لارڈز سے دوڑ شروع کرکے ووکنگ کے قریب ویلی اینڈ کرکٹ کلب پہنچے، جہاں انہوں نے اپنے والد کو پہلی گیند کرائی۔

انہوں نے مکمل کرکٹ یونیفارم پہن کر دوڑ کے دوران گیند کو مسلسل اپنے پاس رکھا۔ پہلی گیند کے بعد وہ مزید 20 اوورز تک میچ کا حصہ بھی رہے اور دو چھکے لگائے، تاہم ان کی ٹیم کو ایک رن سے شکست ہوئی۔
سام بوڈوانو کا کہنا ہے کہ دوڑ انتہائی مشکل تھی اور گیند کو مسلسل ہاتھ میں تھامے رکھنا بھی دشوار رہا۔ اس مہم کا مقصد عالمی ریکارڈ کے ساتھ ایک فلاحی ادارے کے لیے 6 ہزار پاؤنڈ سے زائد رقم جمع کرنا بھی تھا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق ریکارڈ کی تصدیق کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ موجودہ ریکارڈ اگست 2024 میں 15 میل دوڑنے کے بعد گیند کرانے والے شخص کے پاس ہے۔