ابھینندن نے بھارتی فضائیہ سے قبل از وقت ریٹائرمنٹ لے لی
نئی دہلی: پاکستان میں بالاکوٹ حملے کے بعد گرفتار ہونے والے بھارتی پائلٹ ابھینندن نے بھارتی فضائیہ سے قبل از وقت ریٹائرمنٹ لے لی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سابق گروپ کیپٹن ابھینندن نے بھارتی فضائیہ میں 22 سال خدمات انجام دیں اور ریٹائرمنٹ کے بعد ایک نجی ایئرلائن میں کمرشل پائلٹ کے طور پر کیریئر شروع کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مذکورہ نجی ایئرلائن نے مارچ 2024 میں پروازوں کا آغاز کیا تھا اور اس کے بیڑے میں اس وقت ATR 72-600 طیارے شامل ہیں۔
یاد رہے کہ 27 فروری 2019 کو پاکستان نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرنے والے دو بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے تھے، جبکہ پائلٹ ابھینندن کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔ بعد ازاں پاکستان نے جذبۂ خیرسگالی کے تحت انہیں واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کردیا تھا۔
بھارت واپسی پر ابھینندن کو ملک کے تیسرے بڑے فوجی اعزاز ’’ویر چکر‘‘ سے نوازا گیا اور بعد میں ترقی دے کر گروپ کیپٹن بنایا گیا۔ ستمبر 2022 میں بھارتی میڈیا نے ان کی قبل از وقت ریٹائرمنٹ کے فیصلے کی خبر دی تھی۔