Politics

عمران خان کی بیٹوں سے بات کرانے کی دو بار کوشش کی گئی، کنکشن کا مسئلہ یا وہ بات نہیں کرنا چاہتے: عقیل ملک

اسلام آباد(عامرتنولی) وزیر مملکت برائے قانون بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ان کے بیٹوں سے ٹیلی فون پر بات کرانے کی دو بار کوشش کی گئی، تاہم یا تو کنکشن کا مسئلہ درپیش آیا یا پھر ان کے بیٹے والد سے بات نہیں کرنا چاہتے۔

بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ حکومت عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کر رہی ہے اور عمران خان کی بہنوں سے ملاقاتیں بھی کرائی جاچکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دوسری جانب سوشل میڈیا پر اداروں اور ان کے سربراہان کو ہدف بنایا جا رہا ہے، اگر ملاقاتوں کو سیاسی مقاصد یا پروپیگنڈے کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کی گئی تو انہیں روکا بھی جا سکتا ہے۔

وزیر مملکت برائے قانون کے مطابق سپریم کورٹ میں اگلی سماعت سے قبل بھی ملاقات ممکن ہے، تاہم آج بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے والے افراد کو خبردار کیا گیا ہے کہ سیاسی پروپیگنڈا کرکے انہوں نے عدالت میں جمع کرائی گئی انڈرٹیکنگ کی خلاف ورزی کی ہے۔

بیرسٹر عقیل ملک نے مزید کہا کہ عمران خان کی ان کے بیٹوں سے بات کرانے کی دو مرتبہ کوشش کی گئی، تاہم رابطہ قائم نہ ہوسکا۔ ان کے بقول یا تو کنکشن کا مسئلہ تھا یا پھر عمران خان کے بیٹے اپنے والد سے بات نہیں کرنا چاہتے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کے بیٹوں کے پاس مؤثر پاکستانی شناختی کارڈز موجود ہیں، اس کے باوجود ویزا کو جواز بنایا جا رہا ہے۔

جواب دیں