crime
پنجاب میں اتائیت کے خلاف کارروائی، ایک ماہ میں 1415 غیرقانونی طبی مراکز سیل

لاہور: پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے اگست کے دوران صوبے بھر میں اتائیت کے خلاف کارروائیوں کے اعداد و شمار جاری کردیے۔
پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے مطابق ایک ماہ کے دوران صوبے بھر میں 1415 غیرقانونی طبی مراکز سربمہر کیے گئے۔
کمیشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ صوبے میں غیرقانونی طور پر طبی خدمات فراہم کرنے والے افراد کے خلاف کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق اگست میں سب سے زیادہ کارروائیاں لاہور میں کی گئیں، جہاں اتائیوں کے 293 غیرقانونی طبی مراکز سیل کیے گئے۔
اسی طرح قصور میں 104، ڈیرہ غازی خان میں 94، شیخوپورہ میں 80، ننکانہ صاحب میں 64 اور فیصل آباد میں 63 غیرقانونی طبی مراکز سربمہر کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی اتائیت کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور غیرقانونی طبی مراکز کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جارہی ہے۔