
استنبول: پاکستان، ترکیے اور سعودی عرب کے درمیان رواں ماہ طے پانے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت قائم کمیٹی کا پہلا اجلاس کل استنبول میں ہوگا، جس میں تینوں ممالک کے اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔
ترک وزارتِ خارجہ کے ذرائع کے مطابق اجلاس میں تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور مسلح افواج کے چیفس آف اسٹاف شریک ہوں گے۔
پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار بھی اجلاس میں شرکت کے لیے استنبول پہنچ گئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اجلاس کے ایجنڈے میں بین الاقوامی سلامتی کے امور سرفہرست ہوں گے۔ تینوں ممالک کے حکام دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے مختلف پہلوؤں پر بات چیت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق مذاکرات میں دفاعی صلاحیتوں میں اضافے، مسلح افواج کے درمیان رابطے اور ہم آہنگی، جبکہ دفاعی صنعت میں مشترکہ پیداوار اور تیاری سمیت باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے امور زیرِ غور آئیں گے۔
تینوں ممالک کے درمیان ہونے والے اس اجلاس کو مشترکہ دفاعی معاہدے پر عملی پیش رفت کے حوالے سے اہم قرار دیا جارہا ہے۔