پشاور میں مبینہ پولیس مقابلہ، انتہائی مطلوب ڈکیت گینگ کے 4 کارندے ہلاک

پشاور: پولیس نے تھانہ یکہ توت کی حدود میں کارروائی کے دوران تین صوبوں اور اسلام آباد پولیس کو مطلوب انتہائی خطرناک جرائم پیشہ گینگ کے 4 ارکان کو مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک کردیا، جبکہ 2 ملزمان فرار ہوگئے۔
سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں اغوا برائے تاوان، ڈکیتی، گاڑیاں چھیننے اور دیگر سنگین جرائم میں مطلوب تھے۔
پولیس کے مطابق ملزمان خود کو سکیورٹی اہلکار ظاہر کرکے گھروں میں ڈکیتیاں کرتے تھے، جبکہ گینگ کے متعدد ارکان مختلف مقدمات میں نامزد اور گرفتار بھی ہوچکے ہیں۔
سی سی پی او کے مطابق گینگ نے ڈی ایچ اے کراچی میں تقریباً 8 کروڑ، راجہ بازار راولپنڈی میں 10 کروڑ اور دیر میں 5 کروڑ روپے کی مبینہ ڈکیتیاں کیں۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ملزمان نے سوات میں 8 کروڑ، حیات آباد میں 80 لاکھ اور چمکنی میں تقریباً 2 کروڑ روپے کی ڈکیتی بھی کی۔
ڈاکٹر میاں سعید کے مطابق ملزمان جھنگ میں ایم پی اے خالد سرگانہ کے گھر مبینہ ڈکیتی، سندھ اسمبلی کے ایک رکن کے گھر سے 168 تولے سونا چوری کرنے اور ایک اعلیٰ سرکاری شخصیت کے صاحبزادے سے تقریباً 6 کروڑ روپے کے مبینہ فراڈ میں بھی ملوث تھے۔
پولیس کے مطابق مقابلے کے دوران گینگ کے 4 ارکان مارے گئے جبکہ 2 ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔