عمران خان کی بہن کا بانی پی ٹی آئی کو فٹ قرار دینا فیصلہ کن بیان ہے: خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن کا یہ بیان کہ وہ بالکل فٹ ہیں، قطعی اور فیصلہ کن ہے۔
اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کی بہن دیگر ڈاکٹروں کے ہمراہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرچکی ہیں اور انہوں نے ان کا بلڈ پریشر بھی چیک کیا ہے۔
وزیر دفاع کے مطابق عمران خان کی بہن اور ان کے ذاتی ڈاکٹر کی جانب سے اطمینان بخش بیان کو بیرون ملک موجود پی ٹی آئی کے حامیوں نے پسند نہیں کیا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے حامیوں کو ایسا ماحول درکار ہے جس میں غم اور بے چینی پیدا ہو، خوف و ہراس پھیلے اور بڑے پیمانے پر احتجاج شروع ہوں، تاکہ ایسا بحران پیدا کیا جاسکے جو حکومت کی تبدیلی اور بانی پی ٹی آئی کی واپسی کا باعث بنے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی امیدوں پر پانی پھر گیا ہے، تاہم صورتحال کو سنبھالنے کی کوششیں اب بھی غیر ملکی میڈیا کے ذریعے جاری ہیں۔
وزیر دفاع نے دعویٰ کیا کہ غیر ملکی میڈیا کے ذریعے عمران خان کی صحت تیزی سے خراب ہونے پر اصرار کیا جا رہا ہے، جبکہ ان کے مطابق یہ ایک من گھڑت دعویٰ ہے جس کی پی ٹی آئی کو شدید ضرورت ہے۔