PoliticsWorld

امن اور استحکام خطے ہی سے ابھرے گا، ایران جنگ کا خواہاں نہیں: مسعود پزشکیان

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ دنیا میں امن اور استحکام قائم کرنا ہے تو اس کا آغاز خطے ہی سے ہونا چاہیے۔

تہران میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسعود پزشکیان نے کہا کہ پوری قوت اور عزم کے ساتھ کھڑی قوم کو کوئی بھی طاقت ہتھیار ڈالنے پر مجبور نہیں کرسکتی۔

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ایران نے جنگ شروع نہیں کی اور نہ ہی وہ جنگ کا خواہاں ہے، تاہم کسی بھی جارحیت کے خلاف پوری قوت کے ساتھ کھڑا ہوگا۔

اس موقع پر ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا کہ نئے علاقائی معاہدے اور انتظامات مسلم پڑوسی ممالک کے لیے سکیورٹی کے معاملے میں غیر ملکی طاقتوں کے بجائے اپنی صلاحیتوں پر انحصار کی بنیاد بن سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ علاقائی سکیورٹی مسلم ممالک کے درمیان تعاون اور باہمی خواہش کی بنیاد پر ہونی چاہیے، جبکہ مسلم پڑوسی ممالک کو دشمنی کے بجائے تعاون اور بھائی چارے کو فروغ دینا چاہیے۔

محمد باقر قالیباف نے ایران میں مختلف مسالک کے درمیان اتحاد کو قومی طاقت اور سکیورٹی کا اہم ستون قرار دیا۔

دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے الزام عائد کیا کہ امریکا میڈیا کے ذریعے توانائی کی مارکیٹ میں ہیرا پھیری کرکے جنگ کو طول دینے کی کوشش کر رہا ہے۔

عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ اسرائیل سے منسلک عناصر صورتحال کے حوالے سے امید افزا جائزے پیش کر رہے ہیں، تاہم موجودہ صورتحال کا اصل بوجھ امریکی صارفین برداشت کر رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے