12 سے 15 صوبے یا 160 بااختیار ضلعی حکومتیں بنائی جائیں، احسن اقبال
اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک میں انتظامی نظام بہتر بنانے کے لیے 160 بااختیار ضلعی حکومتیں قائم کی جائیں یا 12 سے 15 صوبے بنائے جائیں۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ موجودہ آبادی کے حجم کے باعث بڑے صوبوں کو ایک ہی مرکز سے مؤثر طور پر چلانا مشکل ہے۔ بدین سے گھوٹکی تک سندھ کو کراچی، رحیم یار خان سے اٹک تک پنجاب کو لاہور اور ڈی آئی خان سے چترال تک خیبرپختونخوا کو پشاور سے چلانا انتظامی طور پر دشوار ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں کو بھی کوئٹہ سیکرٹریٹ سے چلانے کے بجائے انتظامی اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق آبادی کے دباؤ کے باعث موجودہ نظام اوورلوڈ ہوچکا ہے اور انتظامی توازن ضروری ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کے ہمسایہ ملک میں 1947 کے بعد متعدد نئے صوبے بن چکے ہیں۔ تاہم سندھ اسمبلی کی قرارداد کو اس کا استحقاق قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کو بہتر تعلیم، صحت، صفائی اور صاف پانی کی فراہمی سیاسی نعروں اور جماعتی مفادات سے زیادہ اہم ہے۔