12 سالہ بچے کے دل سے گولی کامیاب سرجری کے ذریعے نکال لی گئی
کراچی: بلوچستان کے ضلع خضدار سے تعلق رکھنے والے 12 سالہ بچے کے دل میں پیوست گولی کراچی کے قومی ادارہ برائے امراض قلب (NICVD) کے ماہرین نے کامیاب سرجری کے ذریعے نکال لی۔
بچے کو خضدار میں حادثاتی طور پر گولی لگنے کے بعد مقامی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم تشویشناک حالت کے باعث اسے مزید علاج کے لیے کراچی لایا گیا۔
این آئی سی وی ڈی کی پیڈیاٹرک ایمرجنسی میں ہنگامی ایکو کارڈیوگرافی کے ذریعے دل میں گولی کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔ بچے کی نازک حالت کے پیش نظر اسے چند ہی منٹوں میں آپریشن تھیٹر منتقل کردیا گیا۔
پروفیسر سہیل خان بنگش کی سربراہی میں تقریباً دو گھنٹے جاری رہنے والی پیچیدہ سرجری کے دوران گولی کامیابی سے نکال لی گئی۔
پروفیسر سہیل خان بنگش کے مطابق بچے کو انتہائی تشویشناک حالت میں لایا گیا تھا، اس لیے کسی تاخیر کے بغیر ہنگامی سرجری کا فیصلہ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مربوط طبی کوششوں کے نتیجے میں گولی نکال لی گئی اور بچہ تیزی سے صحت یاب ہورہا ہے۔