یوم دفاع و شہدا: افواج پاکستان کا شہدائے وطن کو خراج عقیدت
راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف، ایئر چیف اور افواج پاکستان نے یوم دفاع و شہدا کے موقع پر شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا کی عظیم قربانیاں، غازیوں کا جذبہ اور شہدا کے خاندانوں کی استقامت قومی طاقت اور فخر کا سرچشمہ رہیں گے۔ شہدائے پاکستان فرض، عزت اور قربانی کی اعلیٰ اقدار کی علامت ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ میدان جنگ، فضاؤں اور سمندروں میں وطن کے محافظوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جبکہ شہدا کی لازوال قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہیں اور ان کے خاندان استقامت و حوصلے کی پائیدار علامت ہیں۔
بیان کے مطابق مسلح افواج ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور خوش حالی کا خواہاں اور پرامن بقائے باہمی کے لیے پرعزم ہے۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے اور ملک کے خلاف کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔