کنگ حسن کی زندگی کے تلخ واقعات کا انکشاف، والد کی بیماری کا ذکر کرتے ہوئے جذباتی ہوگئے
رئیلٹی شو ’’تماشا سیزن 5‘‘ میں اپنی شخصیت اور پرفارمنس سے ناظرین کی توجہ حاصل کرنے والے ریپر کنگ حسن نے حالیہ ایپی سوڈ میں اپنی زندگی کے ایسے تلخ واقعات بیان کیے جنہیں یاد کرتے ہوئے وہ خود بھی جذباتی ہوگئے۔
کنگ حسن نے بتایا کہ تعلیم اور کیریئر بنانے کے لیے انہوں نے انتہائی کم عمری میں گھر چھوڑ دیا تھا، جس کے باعث زندگی کے کئی مشکل مراحل انہیں اکیلے ہی طے کرنا پڑے۔ ان کے بقول، ان کے پاس ایسا کوئی کاندھا نہیں تھا جس پر سر رکھ کر وہ اپنے دکھ بیان کر سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ زندگی میں آگے بڑھنے کے دوران انہیں کئی ذاتی صدمات کا سامنا کرنا پڑا۔ حسن کے مطابق ایک زلزلے میں ان کی والدہ اور بہن انتقال کرگئیں، جس نے ان کی زندگی پر گہرا اثر چھوڑا۔
ریپر نے بتایا کہ اب ان کے خاندان میں صرف ان کے والد حیات ہیں، جو طویل عرصے سے علیل ہیں۔ ان کے مطابق ان کے والد پیشے کے اعتبار سے سخت مزاج استاد رہے ہیں، جنہیں موسیقی پسند نہیں تھی اور وہ ہمیشہ چاہتے تھے کہ ان کا بیٹا تعلیم میں بہترین کارکردگی دکھائے۔
تماشا ہاؤس میں اپنی زندگی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کنگ حسن نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ وہ اپنے والد کے ساتھ زیادہ وقت نہیں گزار سکے۔
انہوں نے کہا کہ اب ان کے اور والد کے درمیان تعلق انتہائی مضبوط ہے اور دونوں ایک دوسرے سے بے حد محبت کرتے ہیں، تاہم پیشہ ورانہ مصروفیات کے باعث وہ اپنے بیمار والد کے ساتھ زیادہ وقت نہیں گزار پاتے۔
والد کا ذکر کرتے ہوئے کنگ حسن جذباتی ہوگئے۔ انہوں نے اس احساس کا اظہار کیا کہ زندگی میں کامیابی اور اپنے فن کو وقت دینے کے لیے بعض اوقات انسان کو اپنے خاندان سے دوری کی قیمت بھی ادا کرنا پڑتی ہے۔
کنگ حسن کی گفتگو نے تماشا کے ناظرین کو بھی جذباتی کردیا۔ اسکرین پر اپنی پرفارمنس سے لوگوں کو محظوظ کرنے والے فنکار کی ذاتی زندگی کے دکھ سامنے آنے سے ان کی شخصیت کا ایک مختلف پہلو ناظرین کے سامنے آیا۔
ان کی کہانی نے یہ حقیقت بھی اجاگر کی کہ بظاہر مضبوط، کامیاب اور خوش نظر آنے والے انسان کے دل میں بھی ایسے گہرے دکھ چھپے ہوسکتے ہیں جن سے دنیا بے خبر ہوتی ہے۔