عمران خان کے بیٹوں کے انٹرویو پر پی سی بی کی شکایت سے لاعلم ہوں، سرفراز احمد
لارڈز: پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے کہا ہے کہ انہیں اس بارے میں کوئی علم نہیں کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے بیٹوں کے اسکائی نیوز کو دیے گئے انٹرویو پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انگلینڈ کرکٹ بورڈ سے شکایت کی ہے یا نہیں۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان لارڈز میں جاری پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز انگلش براڈکاسٹر نے کھانے کے وقفے کے دوران عمران خان کے صاحبزادوں قاسم اور سلمان کا انٹرویو نشر کیا، جو سابق انگلش کپتان مائیکل ایتھرٹن نے کیا تھا۔
ایک کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق انٹرویو نشر ہونے پر پی سی بی نے ناراضی کا اظہار کیا اور کھانے کے وقفے کے بعد پاکستانی ٹیم کے دوبارہ میدان میں آنے سے متعلق ہچکچاہٹ کا اظہار کیا۔
لارڈز ٹیسٹ کے دوسرے روز پریس کانفرنس کے دوران سرفراز احمد سے جب اس معاملے پر سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ انہیں پی سی بی کی جانب سے انگلینڈ کرکٹ بورڈ سے شکایت کیے جانے کے بارے میں کچھ معلوم نہیں۔
ہیڈ کوچ کا کہنا تھا، ’’مجھے نہیں معلوم، میرے علم میں ایسا کچھ نہیں ہے کہ پی سی بی نے اس حوالے سے انگلش بورڈ سے شکایت کی ہے یا نہیں۔‘‘
اس سوال پر کہ کیا انٹرویو کی وجہ سے پاکستانی ٹیم نے کھانے کے وقفے کے بعد میدان میں واپس نہ آنے کے بارے میں سوچا تھا، سرفراز احمد نے اس کی تردید کی۔
انہوں نے کہا کہ ایسا کچھ نہیں ہوا اور ٹیم معمول کے مطابق کھانے کے وقفے کے بعد میدان میں اترنے کی تیاری کر رہی تھی۔