Showbiz

سکیش چندرشیکھر کا نورا فتحی کے نام خط، سنگین الزامات اور دھمکی آمیز دعوے

بھارتی اداکارہ و ڈانسر نورا فتحی کے نام جیل میں قید سکیش چندرشیکھر کا ہاتھ سے لکھا گیا خط سامنے آگیا، جس میں اس نے اداکارہ کے حوالے سے کئی سنسنی خیز دعوے کیے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ خط نورا فتحی کے حالیہ بیان کے بعد سامنے آیا، جس میں اداکارہ نے سکیش چندرشیکھر کے ساتھ اپنا نام جوڑے جانے پر جذباتی صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کیس کی وجہ سے ان کے کام کو بھی نقصان پہنچا۔

سکیش چندرشیکھر نے خط میں دعویٰ کیا کہ نورا فتحی اس کے اثر و رسوخ اور تعلقات سے بخوبی واقف تھیں اور انہوں نے مراکش میں گھر خریدنے کے لیے اس سے کروڑوں روپے لیے۔ اس نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ نورا نے اس سے کئی مہنگے اور قیمتی تحائف طلب کیے۔

خط میں سکیش نے مزید دعویٰ کیا کہ نورا فتحی اداکارہ جیکولین فرنینڈس کے ساتھ اس کے تعلقات پر حسد کرتی تھیں۔ اس کے مطابق نورا اسے روزانہ فون کرکے جیکولین سے تعلق ختم کرنے اور ان کے تمام اخراجات اٹھانے کا مطالبہ کرتی تھیں۔

سکیش نے نورا فتحی کو مبینہ طور پر خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اسے اشتعال نہ دلایا جائے، ورنہ وہ اداکارہ سے متعلق مبینہ ثبوت اور چیٹس عام کردے گا۔ اس نے دعویٰ کیا کہ ایسی صورت میں نورا کی ساکھ کو ان کی پی آر ٹیم بھی نہیں بچا سکے گی۔

تاہم نورا فتحی نے سکیش چندرشیکھر کے تمام الزامات مسترد کرتے ہوئے خود کو بے قصور اور اس معاملے میں متاثرہ فریق قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ خط میں کیے گئے الزامات سکیش چندرشیکھر کے دعوے ہیں، جنہیں نورا فتحی نے مسترد کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے