Pakistan

پنجاب کے سالانہ ترقیاتی پروگرام 2026-27 کی 428 اسکیموں پر پیش رفت کا جائزہ

لاہور(عمران اسلم) سیکرٹری بلدیات پنجاب زید بن مقصود کی زیرِ صدارت سالانہ ترقیاتی پروگرام 2026-27 کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں جاری اور نئی ترقیاتی اسکیموں، منصوبوں کی مانیٹرنگ، انجینئرنگ نظام میں اصلاحات اور ترقیاتی کاموں کے معیار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ مہرین فہیم عباسی نے اجلاس کو سالانہ ترقیاتی پروگرام 2026-27 پر بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ پروگرام میں مجموعی طور پر 428 ترقیاتی اسکیمیں شامل ہیں، جن میں 406 جاری اور 22 نئی اسکیمیں ہیں، جبکہ ان منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر 115 ارب 55 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

بریفنگ کے مطابق لاہور کے تاریخی ورثے کی بحالی اور تحفظ کے لیے 55 ارب روپے سے زائد لاگت کے 20 منصوبے جاری ہیں۔ مری ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ٹو کے تحت بھی 88 ترقیاتی اسکیمیں شامل ہیں، جن کے لیے مجموعی طور پر 9 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر نگرانی کے لیے جامع مانیٹرنگ میکنزم وضع کرنے اور موجودہ انجینئرنگ نظام میں ضروری اصلاحات کا جائزہ لیا گیا۔

سیکرٹری بلدیات زید بن مقصود نے ہدایت کی کہ منصوبوں میں شفافیت اور معیار یقینی بنانے کے لیے تھرڈ پارٹی سپرویژن کے نظام کو مزید فعال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مانیٹرنگ محض کاغذی کارروائی تک محدود نہ رہے بلکہ فیلڈ میں جاری ترقیاتی کاموں کی باقاعدگی سے جانچ پڑتال کی جائے۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو منصوبوں کی سائٹس کے باقاعدہ دورے، فیلڈ انسپیکشن تیز کرنے اور تعمیراتی کاموں کے معیار، رفتار اور فنڈز کے مؤثر استعمال کی نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

زید بن مقصود نے واضح کیا کہ تمام جاری اور نئی ترقیاتی اسکیمیں مقررہ مدت اور منظور شدہ بجٹ کے اندر مکمل کی جائیں۔ منصوبوں کی بروقت تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو فوری دور کیا جائے اور پیش رفت سے متعلق مانیٹرنگ رپورٹس باقاعدگی سے پیش کی جائیں۔

سیکرٹری بلدیات نے کہا کہ عوامی فلاح کے منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے، اس لیے ترقیاتی منصوبوں کے معیار، رفتار اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے