نیویارک کے ٹائمز اسکوائر میں چاقو بردار خاتون کا حملہ، ایک شخص ہلاک، دوسرا زخمی؛ پولیس کی فائرنگ سے حملہ آور بھی ہلاک

نیویارک: امریکا کے شہر نیویارک کے مصروف اور سیاحوں سے بھرے علاقے ٹائمز اسکوائر میں چاقو بردار خاتون نے دو افراد پر حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا، جبکہ پولیس کی فائرنگ سے حملہ آور بھی ہلاک ہوگئی۔
نیویارک کے میئر زوہران ممدانی نے پریس کانفرنس میں واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ زخمی شخص کی حالت اسپتال میں مستحکم ہے۔
پولیس کمشنر جیسیکا ٹِش کے مطابق حملہ آور کی شناخت کوئنز کی رہائشی 49 سالہ پامیلہ سیسنروس کے نام سے ہوئی ہے، جسے مبینہ طور پر ذہنی صحت کے مسائل کا سامنا تھا۔
پولیس کے مطابق خاتون نے ایک معروف سپر مارکیٹ چین کے لوگو والے بیگ سے دو بڑے چاقو نکال کر دن دہاڑے راہ گیروں کو دھمکانا شروع کردیا۔ اس دوران اس نے پہلے 68 سالہ شخص کے پیٹ میں چاقو مارا اور تقریباً 20 سیکنڈ بعد 32 سالہ خاتون کو بھی پیٹ میں چاقو مار دیا، جو بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔
پولیس نے خاتون کو ہتھیار پھینکنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی اور اہلکار تقریباً چار منٹ تک اس سے بات چیت کرتے رہے، تاہم وہ چاقو نیچے رکھنے پر آمادہ نہ ہوئی۔ پولیس کمشنر کے مطابق خاتون نے اہلکاروں کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ وہ چاقو نہیں پھینکے گی اور دونوں پولیس اہلکاروں کو قتل کرنا پسند کرے گی۔
پولیس نے خاتون کو قابو کرنے کے لیے اسٹن گن کا استعمال بھی کیا، تاہم یہ کوشش ناکام رہی۔ پولیس کے مطابق جب خاتون اہلکاروں کی جانب بڑھی تو انہوں نے اپنی پستولوں سے فائرنگ کردی۔ ایک عینی شاہد کے مطابق پولیس نے خاتون کو دو گولیاں ماریں۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق حملہ آور کو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔ پولیس نے کہا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ دہشت گردی سے متعلق نہیں تھا۔
پولیس کمشنر جیسیکا ٹِش نے کہا کہ یہ انتہائی خطرناک صورتحال تھی جو ٹائمز اسکوائر جیسے مصروف مقام کے قلب میں پیش آئی، جہاں ہر وقت ہزاروں شہری، سیاح، مسافر اور خاندان موجود ہوتے ہیں۔
واقعے کے بعد ٹائمز اسکوائر میں ہنگامی امدادی اداروں کی بڑی تعداد پہنچ گئی، جبکہ حکام نے جائے وقوعہ پر خون کے نشانات کا بھی معائنہ کیا۔ دونوں متاثرین کی شناخت اہل خانہ کو اطلاع دینے تک ظاہر نہیں کی گئی۔