Sports

فیفا کا یوئیفا پر ’بدنام کرنے کی مہم‘ چلانے کا الزام

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے یورپی فٹبال کی گورننگ باڈی یوئیفا پر ’’بدنام کرنے کی مہم‘‘ اور ’’شواہد تلاش کرنے کی کوشش‘‘ کا الزام عائد کیا ہے۔

یوئیفا نے امریکا کی عدالتوں سے فیفا کے ناکام ورلڈ کپ سرمایہ کاری منصوبے سے متعلق دستاویزات فراہم کرنے کا حکم دینے کی درخواست کی تھی۔ فیفا نے امریکی عدالتوں میں جمع کرائی گئی درخواستوں میں یوئیفا کے اقدام کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم کو فیفا کی اندرونی دستاویزات طلب کرنے کا قانونی اختیار حاصل نہیں۔

فیفا کے مطابق سوئٹزرلینڈ یا کسی اور ملک میں ابھی کوئی فوجداری کارروائی شروع نہیں ہوئی، اس لیے یوئیفا کی جانب سے امریکی عدالتوں سے دستاویزات طلب کرنا قانونی طور پر قابلِ جواز نہیں۔

رواں سال جولائی میں ورلڈ کپ میں سرمایہ کاروں کو حصص فروخت کرنے کے فیفا کے منصوبے پر یوئیفا سمیت مختلف حلقوں نے شدید اعتراض کیا تھا، جس کے بعد فیفا نے منصوبہ واپس لے لیا۔

یوئیفا اب فیفا کے صدر جانی انفینٹینو کے خلاف مبینہ ’’مجرمانہ بدانتظامی‘‘ پر سوئٹزرلینڈ میں قانونی کارروائی کی تیاری کر رہا ہے۔ یوئیفا کا کہنا ہے کہ اسے منصوبے سے متعلق دستاویزات ملنے کی صورت میں قانونی شکایت دائر کی جا سکتی ہے۔

دوسری جانب یوئیفا، کونکاکاف اور ایشین فٹبال کنفیڈریشن انفینٹینو کی قیادت پر تحفظات کا اظہار کرچکے ہیں، جبکہ فیفا ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے یوئیفا کی کارروائی کو اپنی قیادت کے خلاف مہم قرار دے رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے