سلمیٰ زاہد کی گاڑی نذر آتش کرنے کا واقعہ، ایک ملزم گرفتار
ٹورنٹو: کینیڈا کی ٹورنٹو پولیس نے پاکستانی نژاد کینیڈین رکنِ پارلیمنٹ سلمیٰ زاہد کی گاڑی نذرِ آتش کرنے کے واقعے میں ایک ملزم کو گرفتار کرلیا، جبکہ دوسرے ملزم کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق 24 سالہ روشوِن کرافٹن کو گرفتار کرکے آتش زنی، 5 ہزار ڈالر سے زائد مالیت کی املاک کو نقصان پہنچانے، آتش گیر مواد رکھنے اور پروبیشن آرڈر کی خلاف ورزی سمیت مختلف الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ ملزم کو 8 ستمبر کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
واقعہ اسکاربورو میں سلمیٰ زاہد کے گھر کے باہر پیش آیا تھا۔ پولیس کے مطابق واقعے میں مبینہ طور پر ملوث دوسرے شخص کی تلاش اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔
سلمیٰ زاہد نے تحقیقات پر ٹورنٹو پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ پولیس کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات جاری ہونے کے باعث واقعے کے محرک کے بارے میں فی الحال کوئی معلومات نہیں، حقائق سامنے آنے کے بعد ہی مزید تبصرہ کیا جائے گا۔