Business

دکانداروں کے لیے ’آسان ٹیکس اسکیم‘، سالانہ کاروباری حجم پر صرف ایک فیصد ٹیکس

کراچی: وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (KCCI) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کراچی، حیدرآباد اور سکھر سے تعلق رکھنے والے تاجر، صنعتکار اور دکاندار تنظیموں کے نمائندوں سے تفصیلی ملاقات کی۔

ملاقات میں نئی شروع کی گئی ’آسان ٹیکس اسکیم‘ اور اس کی موبائل ایپلیکیشن کے حوالے سے تاجر برادری کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بلال اظہر کیانی نے کہا کہ آسان ٹیکس اسکیم تاجروں اور دکانداروں کے مطالبے پر متعارف کرائی گئی ہے، جس کا مقصد ٹیکس کے پیچیدہ طریقہ کار کو آسان بنانا اور ملک میں ٹیکس دینے والوں کی تعداد میں اضافہ کرنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اسکیم پر مؤثر انداز میں عمل درآمد کے لیے ملک کے مختلف علاقوں میں ایف بی آر اور تاجر نمائندوں پر مشتمل فوکل پرسنز مقرر کیے گئے ہیں، جو تاجروں کو رجسٹریشن اور دیگر معاملات میں سہولت فراہم کریں گے۔

اسکیم کے تحت دکاندار اپنی سالانہ اعلان کردہ کاروباری فروخت پر صرف ایک فیصد ٹیکس ادا کریں گے۔ یہ ٹیکس یوٹیلیٹی بلز کے ذریعے وصول کیا جائے گا اور ادا کی گئی رقم مکمل طور پر قابلِ ایڈجسٹ ہوگی۔

حکام کے مطابق اسکیم کے تحت رجسٹریشن کا عمل بھی انتہائی آسان بنایا گیا ہے۔ دکاندار اردو زبان میں آن لائن فارم پُر کرکے رجسٹریشن کراسکتے ہیں، جس سے انہیں ٹیکس نظام میں شامل ہونے کے لیے پیچیدہ کارروائی سے گزرنا نہیں پڑے گا۔

رجسٹرڈ دکانداروں کو ایف بی آر کی جانب سے گرین رجسٹریشن پلیٹ فراہم کی جائے گی۔ دکان پر یہ پلیٹ آویزاں ہونے کے بعد ایف بی آر اہلکار معمول کی پوچھ گچھ کے لیے دکان کا دورہ نہیں کریں گے۔

آسان ٹیکس اسکیم میں شامل دکانداروں کو عمومی طور پر آڈٹ سے استثنیٰ بھی حاصل ہوگا۔ اس کے علاوہ انہیں دکان پر پوائنٹ آف سیل مشین نصب کرنے اور ودہولڈنگ ایجنٹ کے طور پر کام کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

وزیر مملکت نے کاروباری برادری کو مزید سہولت فراہم کرنے کے لیے اعلان کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ایف بی آر کے سینئر افسران ہر ماہ ایک ہفتہ کراچی میں موجود رہیں گے۔ اس دوران کاروباری افراد کی شکایات اور مسائل موقع پر حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

بلال اظہر کیانی نے کہا کہ آسان ٹیکس اسکیم کا مقصد تاجروں کو فوری ریلیف فراہم کرنا اور انہیں ٹیکس نظام کا حصہ بنانا ہے۔ یہ اسکیم اگست میں شروع کی گئی ہے اور اسے منظم انداز میں جاری رکھا جائے گا۔

ملاقات میں کراچی، حیدرآباد اور سکھر کی مختلف تاجر و دکاندار تنظیموں کے نمائندوں نے اسکیم کے حوالے سے اپنے تحفظات اور تجاویز بھی پیش کیں۔

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور تاجر تنظیموں کے نمائندوں نے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کی کاروباری برادری سے مسلسل رابطے اور مسائل کے حل کے لیے اقدامات کو سراہا۔

تاجر نمائندوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے کاروباری شعبے کو درپیش مشکلات کے حل اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے