آخر ان جوڑیوں میں خاص کیا ہے؟

پاکستانی ڈراموں میں مضبوط اسکرپٹ، بہترین اداکاری اور دلچسپ کہانی اپنی جگہ اہم ہیں، لیکن اگر مرکزی جوڑی کے درمیان کیمسٹری نہ ہو تو کامیابی مشکل ہوجاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جب کسی دو اداکاروں کی جوڑی ناظرین میں مقبول ہوجائے تو پروڈیوسرز انہیں دوبارہ ایک ساتھ کاسٹ کرنے سے گریز نہیں کرتے۔
کبھی یہ جوڑیاں چند ماہ یا ایک سال بعد کسی نئے پراجیکٹ میں واپس آتی ہیں اور کبھی ایک دہائی گزرنے کے بعد دوبارہ اسکرین پر نظر آتی ہیں۔ پاکستانی شوبز میں ایسی کئی جوڑیاں ہیں جن کی کیمسٹری کو بار بار آزمایا گیا۔

ماہرہ خان اور فواد خان
ماہرہ خان اور فواد خان کی جوڑی کو پاکستانی ڈراموں کی کامیاب ترین آن اسکرین جوڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
’ہمسفر‘ نے دونوں کو شہرت کی نئی بلندیوں پر پہنچایا اور ان کی جوڑی پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت میں بھی بے حد مقبول ہوئی۔
دونوں ایک دہائی سے زائد عرصے تک کسی بڑے اسکرپٹڈ پراجیکٹ میں ایک ساتھ نظر نہیں آئے، تاہم 2022 کی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ میں دونوں شامل تھے۔ فواد خان نے مرکزی کردار ادا کیا جبکہ ماہرہ خان نے اہم معاون کردار نبھایا، لیکن دونوں کے ایک ساتھ مناظر محدود تھے۔
اصل دوبارہ ملاپ 2025 میں فلم ’نیلوفر‘ کے ذریعے ہوا، جس میں ماہرہ خان نے ایک نابینا خاتون جبکہ فواد خان نے اس سے محبت کرنے والے مصنف کا کردار ادا کیا۔ فلم کو ملا جلا ردعمل ملا اور بعض ناقدین کے مطابق اس کی کامیابی پرانی جوڑی کی مقبولیت پر زیادہ انحصار کرتی دکھائی دی۔
اب دونوں ایک مرتبہ پھر پاکستان کی پہلی اوریجنل نیٹ فلکس سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ میں ایک ساتھ نظر آئیں گے۔

مہوش حیات اور ہمایوں سعید
مہوش حیات اور ہمایوں سعید کی جوڑی کے پاس اسکرین کیمسٹری کے ساتھ ساتھ باکس آفس کا ریکارڈ بھی موجود ہے۔
دونوں پہلی مرتبہ 2015 کی فلم ’جوانی پھر نہیں آنی‘ میں ایک ساتھ نظر آئے۔ اگلے ہی سال دونوں کو ڈرامہ ’دل لگی‘ میں دوبارہ کاسٹ کیا گیا، جو ایک نسبتاً سنجیدہ اور حقیقت سے قریب محبت کی کہانی تھی۔
’دل لگی‘ نے بہترین ٹی وی پلے کا لکس اسٹائل ایوارڈ بھی حاصل کیا۔
اس کے بعد دونوں نے 2017 میں ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ میں کامیڈی کا رخ کیا، جو پاکستان کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلموں میں شامل ہوئی۔ 2022 میں ’لندن نہیں جاؤں گا‘ کے ذریعے دونوں کی چوتھی بڑی اسکرین شراکت داری ہوئی۔
مہوش حیات اور ہمایوں سعید کی جوڑی کی خاص بات یہ ہے کہ ان کے کئی پراجیکٹس میں مضبوط ارادوں کی مالک خاتون کو محبت کی کہانی کے مرکز میں رکھا گیا، جو شاید اس جوڑی کی بار بار واپسی کی ایک وجہ ہے۔

سجل علی اور احد رضا میر
سجل علی اور احد رضا میر کی جوڑی ’یقین کا سفر‘ کے بعد نوجوان ناظرین میں بے حد مقبول ہوئی۔
دونوں کی کیمسٹری نے ڈرامے کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا، جس کے بعد انہیں اگلے ہی سال تاریخی ڈرامے ’آنگن‘ میں دوبارہ ایک ساتھ کاسٹ کیا گیا۔
2021 میں ’دھوپ کی دیوار‘ کے ذریعے بھی دونوں ایک ساتھ نظر آئے، جہاں انہوں نے سرحد کے دونوں جانب سے تعلق رکھنے والے کردار ادا کیے۔ اس وقت دونوں حقیقی زندگی میں بھی میاں بیوی تھے، جس نے اس آن اسکرین جوڑی کو مزید توجہ کا مرکز بنا دیا۔
بعد ازاں دونوں کی حقیقی زندگی کی شادی ختم ہوگئی، تاہم پاکستانی ٹیلی ویژن میں ان کی جوڑی ایک ایسے دور کی یادگار بن گئی جب ان کی اسکرین کیمسٹری کو کامیابی کی ضمانت سمجھا جاتا تھا۔

صنم سعید اور عدیل حسین
صنم سعید اور عدیل حسین کی اسکرین شراکت داری کا آغاز دراصل کسی رومانوی جوڑی کے طور پر نہیں ہوا۔
دونوں 2010 کے ڈرامے ’دام‘ اور اس کے بعد ’میرا نصیب‘ میں نظر آئے، تاہم ان منصوبوں میں دونوں کے درمیان وہ رومانوی جوڑی نہیں تھی جس نے بعد میں ناظرین کی توجہ حاصل کی۔
2015 کے ڈرامے ’شُک‘ میں دونوں کی کہانی باقاعدہ طور پر ایک دوسرے سے جڑی۔ عدیل حسین کے کردار احتشام کی ازدواجی زندگی اس وقت پیچیدہ ہوجاتی ہے جب صنم سعید کا کردار ثانیہ، جو اس کی سابق منگیتر ہوتی ہے، دوبارہ اس کی زندگی میں آجاتی ہے۔
2016 کی فلم ’دوبارہ پھر سے‘ میں دونوں نے ایک زیادہ روایتی رومانوی جوڑی کے طور پر کام کیا، جہاں عدیل حسین نے نیویارک میں ایک طلاق یافتہ خاتون سے محبت کرنے والے شخص کا کردار ادا کیا۔

حمزہ علی عباسی اور عائزہ خان
حمزہ علی عباسی اور عائزہ خان کی جوڑی ’پیارے افضل‘ کے ذریعے پاکستانی ڈرامہ شائقین کے دلوں میں گھر کرگئی۔
افضل اور فرح کی محبت کی کہانی اور ڈرامے کا انتہائی جذباتی اختتام آج بھی پاکستانی ٹیلی ویژن کے یادگار ترین لمحات میں شمار کیا جاتا ہے۔
تقریباً ایک دہائی بعد جب حمزہ علی عباسی طویل وقفے کے بعد ٹیلی ویژن پر واپس آئے تو ان کی واپسی بھی عائزہ خان کے ساتھ ’جانِ جہاں‘ کے ذریعے ہوئی۔
اس ڈرامے کی تشہیر اور کوریج میں بھی دونوں کی پرانی کیمسٹری کو خاص اہمیت دی گئی اور یہ تاثر سامنے آیا کہ ناظرین نئی کہانی کے ساتھ ساتھ اس مقبول جوڑی کو دوبارہ دیکھنے کے لیے بھی متوجہ ہوئے۔
ان پانچ جوڑیوں کی کہانیاں مختلف ہیں۔ کچھ کو پہلی کامیابی کے فوراً بعد دوبارہ ایک ساتھ کاسٹ کیا گیا، جبکہ کچھ کو دوبارہ اسکرین پر لانے میں کئی سال لگے۔
کسی جوڑی کی محبت حقیقی زندگی کی شادی تک پہنچی اور پھر ختم ہوگئی، جبکہ کچھ اداکار کئی منصوبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ نظر آنے کے بعد بالآخر رومانوی جوڑی کے طور پر سامنے آئے۔
لیکن ان سب میں ایک چیز مشترک ہے: اسکرین کی ایسی کیمسٹری جس نے ناظرین کو یاد رکھا اور پروڈیوسرز کو اسے دوبارہ آزمانے پر مجبور کردیا۔