سیئول: جنوبی کوریا کی جانب سے مقامی سطح پر تیار کردہ خودکش ڈرون بحری جنگی مشق کے دوران لانچ کیے جانے کے چند سیکنڈ بعد سمندر میں جا گرا۔
جنوبی کوریا کے ساحلی شہر بوسان کے قریب منگل کے روز ایک ایمفیبیئس اسالٹ شپ سے ڈرون لانچ کیا گیا تھا۔ ڈرون کو سمندر میں موجود ایک کشتی کو نشانہ بنانا تھا تاہم لانچ کے فوراً بعد وہ دائیں جانب مڑتے ہوئے سمندر میں جا گرا۔
جنوبی کوریا کی ایجنسی فار ڈیفنس ڈیولپمنٹ (اے ڈی ڈی) کے مطابق لانچ ٹیوب کے نچلے حصے میں موجود بائیں دروازے کی الائنمنٹ میں خرابی کے باعث ڈرون کا توازن بگڑا اور وہ لانچ ہوتے ہی اپنی سمت برقرار نہ رکھ سکا۔
اے ڈی ڈی کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ابتدائی طور پر شبہ ہے کہ خرابی ڈرون کی اسمبلنگ یا لانچر کو منتقل کرنے کے دوران پیدا ہوئی۔ واقعے کی حتمی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
حکام کے مطابق خودکش ڈرون کے ٹیسٹ کے دوران اس نوعیت کا مسئلہ پہلی مرتبہ سامنے آیا ہے، جبکہ متعلقہ لانچ ٹیوب اس سے قبل متعدد مرتبہ استعمال کی جا چکی ہے۔
جنوبی کوریا کا تیار کردہ یہ جدید ڈرون 10 گھنٹے سے زائد وقت تک فضا میں رہنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اسے بیک وقت جاسوسی، نگرانی اور حملہ کرنے والے مشنز کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔