اوگرا کا ایل این جی صارفین کو بڑا ریلیف، قیمتوں میں 27.71 فیصد تک کمی
اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایل این جی کی قیمتوں میں 27.71 فیصد تک بڑی کمی کردی، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
اوگرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز کے نظام کے لیے ایل این جی کی قیمت میں 6.81 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 19.03 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔ اس سے قبل سوئی ناردرن کے لیے ایل این جی کی قیمت 25.84 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو تھی۔
اسی طرح سوئی سدرن گیس کمپنی کے نظام پر ایل این جی کی قیمت میں 6.95 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 18.13 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو ہوگئی ہے۔ سوئی سدرن کے لیے سابقہ قیمت 25.08 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو تھی۔
اوگرا کے مطابق ایل این جی کی قیمتوں کا تعین عالمی مارکیٹ میں ایندھن کے نرخوں اور درآمدی لاگت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جاتا ہے اور اتھارٹی ہر ماہ عالمی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے مطابق ایل این جی کے نرخوں کا جائزہ لیتی ہے۔
ایل این جی کی قیمتوں میں کمی سے صنعتی شعبے، سی این جی سیکٹر، کھاد کے کارخانوں اور پاور پلانٹس کو ریلیف ملنے کی توقع ہے، جبکہ پیداواری لاگت میں کمی سے مجموعی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے۔