sci&techWorld

روس کا 6,700 کلومیٹر سے زائد فاصلے تک مار کرنے والے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ

ماسکو: روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ جنگی مشقوں کے دوران شمال مغربی علاقے آرخانگلسک میں واقع پلیسیسک کاسموڈروم سے ٹھوس ایندھن والے موبائل بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے۔

روسی اسٹریٹجک میزائل فورسز نے میزائل داغنے سے قبل موبائل لانچر بیٹری کو ایک دور دراز علاقے میں تعینات کیا، جس کے بعد میزائل کو ملک کے مشرقی حصے میں 6,700 کلومیٹر سے زائد فاصلے پر واقع جزیرہ نما کامچاٹکا کی کورا ٹیسٹ سائٹ کی جانب فائر کیا گیا۔

روسی وزارت دفاع کے مطابق تجربے کا مقصد میزائل سسٹم کی تکنیکی، جنگی اور پرواز سے متعلق خصوصیات کی تصدیق کرنا تھا۔ وزارت نے کہا کہ تمام مقررہ اہداف مکمل طور پر حاصل کر لیے گئے اور میزائل نے ہدف کی جانب پرواز کے دوران اپنی درستگی برقرار رکھی۔

وزارت دفاع نے تجربے میں استعمال ہونے والے میزائل کی شناخت ظاہر نہیں کی، تاہم اطلاعات کے مطابق روسی میزائل فورسز نے اس سے قبل مئی کے وسط میں مشقوں کے دوران آر ایس-24 یارس میزائل سسٹم کا بھی تجربہ کیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے