انٹرنیشنل لٹریسی ڈے 2026 کی تقریبات کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس لٹریسی ڈیپارٹمنٹ میں ھوا
رحیم یار خان ( محمد عقیل اظہر) لٹریسی اینڈ نان فارمل بیسک ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، ضلع رحیم یار خان کے تمام افسران کا ایک اہم اجلاس زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لٹریسی محمد علی خان آج منعقد ہوا معاونت رانا سلیم فاروقی نے کی، جس میں انٹرنیشنل لٹریسی ڈے 2026 کی تقریبات کے انتظامات کا جائزہ لینے اور انہیں حتمی شکل دینے پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران عالمی یومِ خواندگی کی تقریبات کو ضلعی سطح پر 5 سپتمبر کو بامقصد، مؤثر اور یادگار بنانے کے لیے مختلف سرگرمیوں اور پروگرامز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔عالمی خواندگی کی تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان ظہیر انور جپہ اور صدرات رانا محمد اعظم چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی رحیم یار خان کرینگے ،عالمی یوم خواندگی کی مرکزی تقریب 8 سپتمبر کو لاہور میں منعقد ھوگی اجلاس میں خصوصی طور پر رحیم یار خان کے نان فارمل بیسک ایجوکیشن (NFBE) کے طلبہ و طالبات کی جانب سے پیش کیے جانے والے بہترین نعت، ملی نغمہ اور تقاریر کے انتخاب پر توجہ دی گئی۔ بعد ازاں طلبہ و طالبات کو اپنی صلاحیتوں، خود اعتمادی اور تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرنے کے لیے ضلع سطح کے مقابلوں میں پوزیشن لینے والے طلباء صوبائی سطح پر شریکِ ھونگے
اجلاس میں ان طلبہ و طالبات کی متاثر کن کامیابی کی داستانوں کو اجاگر کرنے پر بھی خصوصی توجہ دی گئی جنہوں نے نان فارمل اسکولز کے ذریعے تعلیم حاصل کی اور اب اپنی ذاتی و پیشہ ورانہ زندگی میں کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔ یہ کامیابی کی کہانیاں دیگر سیکھنے والوں کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث بننے کے ساتھ ساتھ نان فارمل تعلیم کے مثبت اور مؤثر کردار کو بھی نمایاں کریں گی۔
اجلاس میں انٹرنیشنل لٹریسی ڈے 2026 سیمینار کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ میڈیا کوریج اور مؤثر تشہیری مہم کے ذریعے لٹریسی اینڈ نان فارمل بیسک ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی کامیابیوں، اقدامات اور سرگرمیوں کو بھرپور انداز میں اجاگر کرنے پر بھی غور کیا گیا۔
تمام افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ باہمی رابطہ و تعاون، مؤثر منصوبہ بندی اور بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں تاکہ انٹرنیشنل لٹریسی ڈے 2026 کو رحیم یارخان ضلع بھر میں ایک یادگار اور کامیاب تقریب کے طور پر منایا جا سکے۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لٹریسی محمد علی خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواندگی صرف پڑھنے اور لکھنے کی صلاحیت کا نام نہیں، بلکہ یہ بااختیار بنانے، مواقع پیدا کرنے اور ایک بہتر مستقبل کی جانب لے جانے کی کلید ہے۔