پنجاب میں امام مسجد صاحبان کو ساڑھے 14 ارب روپے اعزازیہ فراہم، 76 ہزار سے زائد مساجد رجسٹرڈ

لاہور (این ایل آئی)حکومت پنجاب نے صوبے میں امن و امان کے فروغ اور معاشرتی ہم آہنگی کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب اعزازیہ پروگرام برائے امام مسجد صاحبان کے تحت جنوری 2026 سے اب تک ساڑھے 14 ارب روپے کی رقم فراہم کر دی ہے، جبکہ صوبے بھر میں 76 ہزار سے زائد مساجد کی رجسٹریشن مکمل کر لی گئی ہے۔ مساجد کی جیو ٹیگنگ کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے۔اس امر کا اظہار محکمہ داخلہ پنجاب میں وزیراعلیٰ پنجاب اعزازیہ پروگرام برائے امام مسجد صاحبان کی سٹیئرنگ کمیٹی کے پانچویں اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت صوبائی وزیر اور چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے کی۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے اجلاس کو پروگرام کے مختلف پہلوؤں، پیش رفت اور انتظامی امور پر بریفنگ دی۔اجلاس میں خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت پنجاب امام مسجد صاحبان کو اعزازیہ پروگرام کے تحت ہر سال 20 ارب روپے سے زائد رقم فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے مثبت اثرات آنے والی نسلوں تک پہنچیں گے اور اس عمل کی تکمیل میں کردار ادا کرنے والے تمام متعلقہ محکمے اور افسران شاباش کے مستحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کی مساجد کی رجسٹریشن ایک بڑا چیلنج تھا، جسے محکمہ داخلہ نے احسن طریقے سے مکمل کیا۔ امام مسجد صاحبان منبر و محراب کے ذریعے معاشرے میں قیام امن، بھائی چارے اور مثبت سماجی رویوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق محکمہ داخلہ اعزازیہ پروگرام کی مکمل نگرانی یقینی بنا رہا ہے۔ اعزازیہ کی فراہمی کے نظام کو شفاف اور آسان بنایا گیا ہے، جبکہ آن لائن پورٹل پر موصول ہونے والی شکایات کا فوری ازالہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ امام مسجد صاحبان کے سوالات کے بروقت جوابات دینے اور انہیں سہولت فراہم کرنے کے لیے محکمہ داخلہ کی جانب سے چیٹ بوٹ بھی متعارف کروایا جا رہا ہے۔اجلاس میں بینک آف پنجاب اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو آن لائن درخواستوں سے متعلق مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی گئی تاکہ پروگرام کے تحت اعزازیہ کی فراہمی کا عمل مزید آسان اور مؤثر بنایا جا سکے۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری داخلہ فیصل فرید، سی ای او سنٹر برائے انسداد دہشت گردی غلام صغیر شاہد، ڈی جی پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ سید قاسم افضل، ہیڈ ٹرانزیکشن بینک آف پنجاب شرجیل رضا خان، چیف ایگزیکٹو آفیسر چیریٹیز کمیشن کرنل شہزاد امیر، ایڈیشنل سیکرٹری سپیشل انیشی ایٹو نشا اشتیاق، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی جویریہ مقبول، ایڈیشنل سیکرٹری اوقاف نبیلہ جاوید، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی، ایس ایس پی سپیشل برانچ صاحبزادہ عمر بلال، ڈپٹی سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کامران افضل اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں پروگرام کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے ساتھ اس کی بہتری کے لیے مختلف امور پر اہم فیصلے بھی کیے گئے۔
