گورنمنٹ حشمت علی اسلامیہ کالج راولپنڈی میں جدید آئی ٹی لیب شروع

راولپنڈی (این ایل آئی) گورنمنٹ حشمت علی اسلامیہ کالج فاروق اعظم روڈراولپنڈی میں طالبات کو جدید اور معیاری تعلیم کی فراہمی کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے تعلیم دوست اقدام کے تحت قائم کی جانیوالی جدید آئی ٹی لیب کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ مہمان خصوصی چیئرمین سی ایم پنجاب انسپکشن ٹیم و ایم پی اے راجہ محمد حنیف ایڈووکیٹ تھے۔ تقریب میں راجہ خلیل الرحمان عباسی، وائس چیئرمین راجہ وسیم اختر، کونسلر راجہ اشفاق عباسی، پرنسپل ڈاکٹر راحیل احمد اور دیگر موجود تھے۔ کمپیوٹر لیب میں 15جدید سسٹمز، 86 انچ کی بڑی سمارٹ اسکرین اور آئی 13 لیٹسٹ پروسیسرز پر تقریباً 90 لاکھ روپے لاگت آئی۔ اس جدید لیب سے کالج میں زیر تعلیم 400سے زائد طلبہ کو کمپیوٹر اور جدید ٹیکنالوجی کی بہترین تربیت میسر آئیگی۔پرنسپل ڈاکٹر راحیل احمد نے کہا 400 بچوں کیلئےتمام فیکلٹی موجود ہے۔ حالیہ سالانہ رزلٹ 70فیصد رہا، جو کہ ڈسٹرکٹ راولپنڈی ڈویژن 55 فیصداور پنجاب کے 62 فیصدسے نمایاں اور بہتر ہے۔ کالج کے ہال کا سٹرکچر 8سال قبل تعمیر کیا گیا جو فنڈز کی عدم فراہمی کی وجہ سے تاخیر کا شکار اور نامکمل ہے۔ قائد اعظم روڈ اور ٹیکنیکل کالج کا دورہ آئی ٹی لیب کے افتتاح کے بعد چیئرمین سی ایم پنجاب انسپکشن ٹیم راجہ محمد حنیف ایڈووکیٹ ایم پی اے نے قائد اعظم روڈ اور ٹیکنیکل کالج کا بھی دورہ کیا۔