Pakistan

خوراک میں ملاوٹ کو روکنے کیلئے عالمی فوڈ سیفٹی قوانین کو پنجاب میں لاگو کیا گیا؛ ملاوٹ مافیا کیخلاف سخت قانون سازی اور تادیبی کارروائیاں ناگزیر ہیں: سیکرٹری داخلہ پنجاب

ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کا پفڈا میں "عالمی یومِ خوراک" کی مناسبت سے خصوصی تقریب سے خطاب؛ کیک کاٹا اور شجرکاری مہم میں پودا لگایا

لاہور (این ایل آئی)عالمی یومِ خوراک کی مناسبت سے پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (PAFDA) میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور PAFDA ONE Initiative کا افتتاح کیا۔ تقریب میں وائس چیئرپرسن پفڈا بورڈ ڈاکٹر کوثر عبداللہ ملک، سپیشل سیکرٹری داخلہ فیصل فرید، ایڈیشنل سیکرٹری ہوم عاصمہ اعجاز چیمہ، ڈی جی پفڈا ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا، سینئر مینجمنٹ اور سائنسدانوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر صحت مند اور متوازن خوراک سے متعلق آگاہی اور بہتر غذائی انتخاب کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے شرکاء کے ہمراہ ورلڈ فوڈ ڈے کا کیک کاٹا اور شجرکاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ خوراک میں ملاوٹ کی روک تھام کیلئے عالمی فوڈ سیفٹی قوانین کو پنجاب میں لاگو کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملاوٹ مافیا کے خلاف سخت قانون سازی اور مؤثر تادیبی کارروائیاں ناگزیر ہیں۔ سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی حکومتِ پنجاب کا فلیگ شپ منصوبہ ہے جہاں عالمی معیار کے جدید آلات کے ذریعے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ پنجاب نے 16 ارب روپے کی لاگت سے عالمی معیار کی پفڈا لیبارٹریز کو فعال کیا ہے۔ سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ پفڈا کو ساؤتھ ایشیا کی معیاری ریفرنس لیب کا درجہ حاصل ہو گا اور پفڈا لیبارٹریز سے نہ صرف پنجاب بلکہ پاکستان بھر کے عوام مستفید ہوں گے۔ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ صوبہ بھر میں خوراک، ادویات اور کھاد کے معیار کو یقینی بنانا اور ملاوٹ کا خاتمہ ہمارا مشن ہے۔ کھیت سے دسترخوان تک اور دوا سے عوام تک معیار کی یقین دہانی کا مربوط نظام قائم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے نوجوان سائنسدانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ پوری محنت، لگن اور جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔ انسانی جانوں، ادویات، فصلوں اور مویشیوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ڈی جی پفڈا ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا نے فوڈ سیفٹی کے حوالے سے ادارے کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال 16 اکتوبر کو خوراک کا عالمی دن منایا جاتا ہے جس کا مقصد ناقص غذا، بھوک اور غربت کے خلاف آگاہی پیدا کرنے کے ساتھ خوراک کی اہمیت اور متوازن غذا کی فراہمی سے متعلق شعور اجاگر کرنا ہے۔ ورلڈ فوڈ ڈے کی مناسبت سے پفڈا فوڈ سائنس لیبارٹری نے صحت اور غذائیت سے متعلق آگاہی کیمپ بھی لگایا۔

جواب دیں