محکمہ تعلیم گنگچھے کے زیرِ اہتمام تقسیمِ انعامات و اعزازات کی پروقار تقریب
تقریب میں ضلع بھر کے پوزیشن ہولڈرز طلبہ وطالبات کو انعامات و اعزازات سے نوازا گیا

خپلو(این ایل آئی)محکمہ تعلیم ضلع گانچھے کے زیر اہتمام میجر ارشاد (شہید) گورنمنٹ ماڈل بوائز ہائی سکول خپلو میں تقسیمِ انعامات کی ایک شاندار اور پروقار تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر زراعت، فشریز و لائیو اسٹاک حاجی انور تھے جبکہ میزبانی کے فرائض ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن گنگچھے حمیداللہ باقری اور پرنسپل ماڈل بوائز ہائی سکول خپلو محمد حسین نے انجام دئیے۔ پرنسپل ڈگری کالج خپلو فرید احمد، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز، اساتذہ ، والدین ، طلبہ وطالبات سمیت ضلع بھر سے کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔
تقریب میں ایلمنٹری بورڈ ، میٹرک بورڈ اور انٹر سطح پر ضلع بھر کے تعلیمی اداروں میں نمایاں اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات کو اعزازی شیلڈز، تعریفی اسناد، نقد انعامات اور اعزازات سے نوازا گیا۔
تقریب میں قائد ملت پبلک سکول امیرآباد چھوربٹ کی جانب سے علاقہ چھوربٹ میں نمایاں تعلیمی خدمات اور کوالٹی ایجوکیشن کے فروغ و فراہمی کے لیے کی جانے والی کوششوں پر سکول پرنسپل گلزار حسین کو بھی محکمہ ایجوکیشن گانچھے کی جانب سے خصوصی تعریفی سند اور ایوارڈ سے نوازا گیا۔
عالمی سطح کے میتھ مقابلے امریکن میتھمیٹکس اولمپیاڈ میں گولڈ میڈل اور سلور میڈل جیت کر علاقے کا نام عالمی سطح پر روشن کرنے پر قائد ملت پبلک سکول امیرآباد چھوربٹ کی طالبات حرا فرمان (گولڈ میڈلسٹ)اور معصومہ ابراہیم (سلور میڈلسٹ)کو بھی خصوصی ایوارڈز اور نقد انعامات سے نوازا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیرِ زراعت، فشریز و لائیو سٹاک حاجی انور علی نے صوبائی اور ڈویژنل لیول پر ضلع گانچھے کے طلبہ و طالبات کی جانب سے نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن گانچھے،اساتذہ اور طلبہ وطالبات کو مبارکباد دی اور ضلع میں معیار تعلیم بڑھانے کے لیے کی جانے والی کوششوں پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن گانچھے اور اساتذہ کی کاوشوں کو سراہا گیا۔
اپنے خطاب میں صوبائی وزیر حاجی انور نے کہا کہ طلبہ قوم کا مسقبل ہے طلبہ اپنی پوری توانائی حصول علم پر صرف کریں اور محنت سے پڑھائی جاری رکھین۔صوبائی وزیر حاجی انور نے مذید کہا کہ ضلع گانچھے میں تعلیمی ترقی ان کی ترجیحات میں سر فہرست ہے اور ضلع بھر میں تعلیمی اداروں کی بہتری اور ترقی کے لیے مؤثر اور ٹھوس اقدامات اٹھایا جارہا ہے۔ضلع گانچھے میں تعلیمی ترقی کے لیے خصوصی گرانٹ اپنی ADP میں رکھے ہیں نیز ماڈل ہائی سکول خپلو کی بہتری کے لیے بھی خصوصی ترقیاتی فنڈ مختص کیا ہے۔
تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور ضلع گانچھے میں تعلیمی اداروں کی ترقی و بہتری اور معیار تعلیم بڑھانے کے لیے بہترین حکمت عملی اور متحرک کردار پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن حمید اللہ باقری کی انتھک محنت اور کاوشوں کو خوب سراہا گیا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ حمید اللہ باقری کا نائب ناظم تعلیمات گانچھے کا چارج سنبھالتے ہی گورنمنٹ سیکٹر کے سکولوں کے معیار تعلیم اور انتظامی و تعلیمی معیار میں نمایاں اور واضح بہتری آئی ہیں۔ مقررین نے کہا کہ ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن گانچھے کی جانب سے سکولوں کی مسلسل مؤثر و متحرک نگرانی کی وجہ سے صوبائی سطح پر بورڈ امتحانات میں ضلع گانچھے کے طلبہ و طالبات شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں اور نمایاں پوزیشنز حاصل کررہے ہیں جو کہ لائق صد تحسین ہے۔ مقررین نے صوبائی لیول اور ڈویژنل لیول پر ضلع گانچھے کے طلبہ و طالبات کی جانب سے نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن گانچھے، ڈی ڈی اوز ، ٹیچرز اور طلباء و طالبات کو مبارکباد پیش کی۔اور اس توقع کا اظہار کا کیا کہ ضلع گانچھے کے اساتذہ اور سٹوڈنٹس آئندہ بھی اسی جوش و جذبے کے ساتھ اپنی محنت اور کوششیں جاری رکھیں گے۔