
اسلام آباد(این ایل آئی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کو سنگین سیاسی غلطی اور عوام کے حقوق کے خلاف اقدام قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کر دیا ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اپنے بیان میں کہا ’’کے پی میں ایمرجنسی کا نفاذ سنگین سیاسی غلطی ہے، ہم خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کو مسترد کرتے ہیں۔‘‘بیرسٹر گوہر نے کہا ’’عوام اپنے حقوق کے خلاف اقدامات کبھی قبول نہیں کریں گے، کے پی کے عوام کا مینڈیٹ آئینی اور قانونی حق ہے، صوبائی خودمختاری کمزور کر کے امن قائم نہیں کیا جا سکتا، وفاق اور صوبے کے درمیان تصادم سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔‘‘چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ جنگ کو عوامی آواز دبانے کا جواز نہیں بنایا جا سکتا، دہشت گردی کے خاتمے پر کوئی اختلاف نہیں ہے، دہشت گردی کا مقابلہ قومی یک جہتی سے ہی ممکن ہے۔انھوں نے کہا صوبوں کو کمزور کر کے وفاق مضبوط نہیں ہو سکتا، مسائل کا حل طاقت نہیں بلکہ آئین کی بالادستی ہے، مسائل کا حل بامعنی مذاکرات میں ہی ممکن ہے، ہم جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے ہر آئینی فورم پر آواز اٹھائیں گے، مضبوط صوبے ہی دراصل مضبوط وفاق کی بنیاد ہیں، وفاق ایگو چھوڑ کر جائزمطالبات تسلیم کرے۔بیرسٹر گوہر نے ایمرجنسی کے مستقل پر بات کرتے ہوئے کہا ’’خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کا فیصلہ چند دنوں میں واپس لیا جا سکتا ہے، عوام کے احساسات کا احترام کیا جائے، اور ملک کو مزید سیاسی و معاشی نقصان سے بچایا جائے، سیاسی فیصلوں پر نظرثانی کمزوری نہیں، قومی مفاد میں دانش مندی ہے، اگر فیصلے پر نظر ثانی نہ ہوئی تو ملک کو بہت نقصان ہوگا۔‘‘