PakistanPolitics

جمعیت علما پاکستان (نیازی) کا اہم اجلاس، نظام مصطفیٰ کے نفاذ کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کا عزم

علامہ پیر سید اظہر حسین شاہ صدر سندھ نامزد

لاہور (این ایل آئی)جمعیت علما پاکستان (نیازی) کے مرکزی سیکریٹریٹ میں ایک اہم اجلاس پیر معصوم شاہ نقوی کی زیر صدارت منعقد ہوا

جس میں جماعت کے مرکزی و صوبائی رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کی موجودہ صورتحال، جماعتی امور اور نظام مصطفیٰ ﷺ کے نفاذ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں علامہ پیر سید اظہر حسین شاہ کو جمعیت علما پاکستان (نیازی) کا صدر صوبہ سندھ نامزد کیا گیا۔

اس موقع پر جماعت کے قائدین نے انہیں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ سندھ میں جماعت کو منظم اور فعال بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔اجلاس میں مولانا غلام رسول اویسی چیئرمین سپریم کونسل، علامہ پیر غلام شبیر قادری سینئر نائب صدر، میاں وحید چیئرمین تاجر ونگ، علامہ نواز قاسم نائب چیف آرگنائزر، مولانا علامہ تابش قادری چیئرمین لاہور، کرنل (ر) راجہ شوکت ڈپٹی سیکریٹری جنرل، کرنل (ر) فاروق احمد ڈپٹی جوائنٹ سیکریٹری، مشتاق احمد ایڈووکیٹ چیئرمین لائرز فورم اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ پیر غلام شبیر قادری نے کہا کہ اجلاس میں تمام قائدین نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ جمعیت علما پاکستان (نیازی) قائد ملت حضرت علامہ مولانا عبدالستار خان نیازیؒ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک میں نظام مصطفیٰ ﷺ کے نفاذ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ جماعت کے تمام رہنما اور کارکن اپنے اکابرین کے مشن کو آگے بڑھانے اور ملک میں اسلامی اقدار کے فروغ کے لیے متحد ہیں۔ قائد ملت علامہ مولانا عبدالستار خان نیازیؒ کی دینی، سیاسی اور قومی خدمات ہمارے لیے مشعل راہ ہیں اور ان کے افکار و نظریات کی روشنی میں جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔اس موقع پر نومنتخب صدر صوبہ سندھ علامہ پیر سید اظہر حسین شاہ نے کہا کہ وہ سندھ میں تنظیم سازی کے عمل کو تیز کریں گے اور جمعیت علما پاکستان (نیازی) کو صوبے بھر میں فعال اور منظم بنانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ قائد ملت علامہ مولانا عبدالستار خان نیازیؒ کے مشن کو آگے بڑھانے اور ان کے نظریات و افکار کی ترویج کے لیے بھرپور محنت کریں گے۔علامہ پیر سید اظہر حسین شاہ نے اپنی نامزدگی پر جماعتی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ نئی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھاتے ہوئے جماعت کے پیغام کو سندھ کے ہر علاقے تک پہنچانے کی کوشش کریں گے۔اجلاس کے اختتام پر جماعتی قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جمعیت علما پاکستان (نیازی) نظام مصطفیٰ ﷺ کے نفاذ، دینی و ملی شعور کی بیداری اور قائد ملت علامہ مولانا عبدالستار خان نیازیؒ کے مشن کی تکمیل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

جواب دیں