Pakistan

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے جوڈیشل کمپلیکس ساہیوال کا دورہ

ساہیوال(این ایل آئی) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے جوڈیشل کمپلیکس ساہیوال کا دورہ کیا جہاں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد فیصل احمد، ضلعی انتظامیہ اور جوڈیشل افسران نے معزز چیف جسٹس کا استقبال کیا اور انہیں گلدستے پیش کیے۔ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے چیف جسٹس کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ چیف جسٹس عالیہ نیلم نے جوڈیشل کمپلیکس کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور عدالتی و بار انفراسٹرکچر سے متعلق متعدد منصوبوں کا افتتاح کیا۔

چیف جسٹس نے ساہیوال اور چیچہ وطنی میں عدالتوں اور متعلقہ دفاتر کے لیے ہائبرڈ سولرائزیشن (آف گرڈ) سسٹمز، بار رومز کی سولرائزیشن، خواتین اسٹاف کے لیے کامن روم، چیچہ وطنی میں ڈے کیئر سنٹر، ای لائبریریز، وزیٹیشن روم اور خواتین سائلین کے لیے لٹیگنٹس شیڈ سمیت مختلف منصوبوں کا افتتاح کیا ۔

اس موقع پر چیف جسٹس عالیہ نیلم نے ضلعی عدلیہ کے ججز سے ملاقات کی اور زیرِ التوا مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے خواتین، بچوں اور سمندر پار پاکستانیوں سے متعلق مقدمات پر بھی خصوصی توجہ دینے پر زور دیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ عدلیہ کا بنیادی مقصد عام آدمی کو اس کی دہلیز پر فوری اور سستا انصاف فراہم کرنا ہےجبکہ عدالتی انفراسٹرکچر کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا بھی اہم ترجیح ہے ۔

بعد ازاں چیف جسٹس نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سمیت مقامی بار ایسوسی ایشنز کے نمائندہ وفود سے ملاقات کی اور بار و بینچ کے درمیان مثالی ورکنگ ریلیشن شپ برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ تحصیل بار چیچہ وطنی کے نمائندہ وفد نے خواتین کے لیے علیحدہ بار روم کی تعمیر پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا شکریہ ادا کیا۔ دورے کے دوران چیف جسٹس عالیہ نیلم نے جوڈیشل کمپلیکس ساہیوال کے احاطے میں شجرکاری مہم کے تحت یادگاری پودا بھی لگایا۔

جواب دیں