ساہیوال کے معروف سیاسی و قانونی رہنما چوہدری محمد اشرف انتقال کر گئے
ساہیوال (این ایل آئی) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما، سابق رکن قومی اسمبلی اور معروف قانون دان چوہدری محمد اشرف انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال پر ساہیوال سمیت سیاسی اور قانونی حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔مرحوم کی نمازِ جنازہ 26 ستمبر بروز ہفتہ صبح 10 بجے مسجد شہداء، فرید ٹاؤن ساہیوال میں ادا کی گئی۔ چوہدری محمد اشرف کا شمار ساہیوال کی اہم سیاسی شخصیات میں ہوتا تھا وہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر چار مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور طویل عرصے تک قومی سیاست اور پارلیمانی امور میں فعال کردار ادا کرتے رہے۔ان کی عمر 90 سے 94 سال کے درمیان تھی مرحوم چوہدری محمد اشرف سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کے دیرینہ سیاسی ساتھیوں میں شمار ہوتے تھے۔ اپنے طویل سیاسی سفر کے دوران انہوں نے قومی اسمبلی میں مختلف ذمہ داریاں انجام دیں اور پارلیمانی سیکرٹری برائے تعلیم بھی رہے۔چوہدری محمد اشرف قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے چیئرمین بھی رہ چکے تھے جبکہ قائمہ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی کے رکن کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔ ان کا تعلق قانون کے شعبے سے بھی گہرا رہا اور وہ پاکستان بار کونسل کے رکن اور وائس چیئرمین کے منصب پر بھی فائز رہے۔ ان کی سیاسی زندگی کئی دہائیوں پر محیط تھی اور ساہیوال کی سیاست میں ان کا ایک نمایاں مقام رہا۔ قومی سطح پر پارلیمانی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ وکلا برادری میں بھی انہیں ایک سینئر شخصیت کے طور پر جانا جاتا تھا۔ ان کے انتقال پر سیاسی، سماجی اور قانونی حلقوں کی جانب سے تعزیت اور افسوس کا سلسلہ جاری ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی چوہدری محمد اشرف کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی سیاسی، سماجی اور پارلیمانی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے سوگوار خاندان سے تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

ساہیوال بار ایسوسی ایشن کی جانب سے بھی مرحوم کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے اور تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا۔ بار کے مطابق وکلا مرحوم کی وفات کے سوگ میں عدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے چوہدری محمد اشرف کی وفات سے ساہیوال ایک تجربہ کار سیاسی و قانونی شخصیت سے محروم ہو گیا۔