
پشاور(این ایل آئی)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل خان آفریدی سول سیکرٹریٹ پہنچ گئے۔وزیراعلیٰ نے چیف سیکرٹری کے ہمراہ سول سیکرٹریٹ کی مسجد میں نمازِ جمعہ ادا کی۔ نمازِ جمعہ کے بعد چیف سیکرٹری آفس میں صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لی اور متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔سیکیورٹی ذرائع کی جانب سے سرکاری تنصیبات، بالخصوص جامع مساجد کو نشانہ بنانے کی دھمکی کے تناظر میں وزیراعلیٰ کا سول سیکرٹریٹ کی مسجد میں نمازِ جمعہ ادا کرنا دہشت گردی کے خلاف حکومت کے عزم اور خوف و ہراس پھیلانے کی کوششوں کے خلاف ایک واضح پیغام ہے۔وزیراعلیٰ محمد سہیل خان آفریدی نے کہا کہ دہشت گرد ہمیں خوفزدہ نہیں کر سکتے۔ خیبر پختونخوا کے عوام اور حکومت دہشت گردی کے سامنے کبھی سر نہیں جھکائیں گے۔ دہشت گردی کا ہر محاذ پر پوری قوت کے ساتھ مقابلہ کیا جائے گا اور عوام کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔