زمین کا انتقال درج کرنے کے عوض 4 لاکھ روپے رشوت لینے والا قانونگو گرفتار
ساہیوال (این ایل آئی) اینٹی کرپشن ساہیوال ریجن نے کرپشن اور رشوت ستانی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 4 لاکھ روپے رشوت لینے کے مقدمے میں نامزد قانونگو محمد اشفاق کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چٹھہ اور ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ساہیوال ریجن بشارت نبی کی ہدایات پر کرپٹ اور رشوت خور عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں سرکل آفیسر اینٹی کرپشن ساہیوال ارشد زمان وٹو نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے تھانہ اینٹی کرپشن ساہیوال میں درج مقدمہ نمبر 32/26 کے ملزم محمد اشفاق قانونگو کو گرفتار کر لیا۔اینٹی کرپشن حکام کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر مدعی مقدمہ سے زمین کا انتقال درج کرنے کے عوض 4 لاکھ روپے رشوت وصول کی تھی۔ شکایت موصول ہونے کے بعد معاملے کی انکوائری کی گئی، جس میں الزام ثابت ہونے پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔حکام کے مطابق گرفتار ملزم محمد اشفاق کے خلاف اینٹی کرپشن ساہیوال میں پہلے سے 12 مقدمات بھی درج ہیں۔ ملزم کی گرفتاری کے بعد مزید قانونی کارروائی جاری ہے جبکہ معاملے کے دیگر پہلوؤں کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ سرکاری امور کی انجام دہی کے عوض رشوت وصول کرنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔