پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف کی نئی سکیم
اسلام آباد(این ایل آئی) وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے نئی سکیم کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیاں استعمال کرنے والوں کو پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف دیا جائے گا۔
حکومت کے مطابق موٹرسائیکل، رکشہ اور چنگچی سمیت دو اور تین پہیوں والی سواریوں کے لیے ماہانہ 20 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر کے حساب سے ریلیف فراہم کیا جائے گا، جبکہ 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ 30 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف ملے گا۔
وزیراعظم کے دفتر کے مطابق اسلام آباد میں اس سکیم کا اطلاق پیر اور منگل کی درمیانی شب سے ہوگا جبکہ پورے پاکستان، بشمول پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر اور گلگت بلتستان، میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے ہوگا۔
خصوصی ریلیف سکیم کے لیے رجسٹریشن کا آغاز اتوار سے کر دیا گیا ہے اور اس کا طریقہ کار آگاہی مہم کے ذریعے عوام تک پہنچایا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث عوام پر پڑنے والے بوجھ کا حکومت کو مکمل احساس ہے اور ’مشکل کی اس گھڑی میں ہم عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔‘