قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔پیر سید عنایت علی شاہ بادشاہ
پشاور(این ایل آئی) تحریک عشق مصطفی انٹرنیشنل کے سربراہ حضرت پیر سید عنایت علی شاہ بادشاہ المعروف موتیوں والا سرکار نے کہا کہ بانیِ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح ایک ایسی ہمہ گیر اور ولولہ انگیز قیادت کے مالک تھے جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کی تقدیر بدل کر رکھ دی۔ وہ نہ صرف ایک عظیم قانون دان اور اصول پسند سیاست دان تھے، بلکہ ایک ایسے بے باک رہنما تھے جن کی دیانت، عزمِ صمیم اور غیر متزلزل ارادے کے سامنے اپنوں اور بیگانوں سبھی نے سر تسلیم کیا۔انہوں نے کہا کہ قائدِ اعظم نے اپنی پوری زندگی میں اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ انہوں نے قوم کو "ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط” کا سنہری اصول دیا۔ ان کی سیاست جھوٹ، منافقت اور سستی شہرت سے پاک تھی۔ وہ قانون کی بالادستی اور آئینی جدوجہد پر یقین رکھتے تھے، اور اسی پرامن اور قانونی ہتھیار کے ذریعے انہوں نے دنیا کا نقشہ بدل کر ایک آزاد وطن پاکستان حاصل کر دکھایا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہم ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر پاکستان فرسٹ کی سوچ نہیں اپنائیں گے، ہم قائد اعظم محمد علی جناح کے خوابوں کی حقیقی تعبیر حاصل نہیں کر سکتے۔ پیر سید عنایت علی شاہ بادشاہ المعروف موتیوں والا سرکار نے مزید کہا کہ سلام عقیدت اس عظیم قائد پر جس کی قربانیوں اور دن رات کی محنت کی بدولت آج ہم ایک آزاد اور خودمختار فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔پیر سید عنایت علی شاہ بادشاہ المعروف موتیوں والا سرکار نے مزید کہا کہ پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الا اللہ اور پھر کلمہ طیبہ پورا ہوا محمد رسول اللہ، نبیِ پاک کی نظرِکرم اس پیاری سرزمین پر پڑی۔اس کی بشارت قائد اعظم کو خواب میں خود حضور پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے تشریف لا کر دی۔ پاک نبی کی پاک نظرِ کرم سے پاک لوگوں کے رہنے کی جگہ یعنی کہ ہم سب کا پیارا پاکستان وجود میں آیا۔