Politics
بانی پی ٹی آئی کی رائے آنے تک انتظامی یونٹس کے عمل میں شامل نہیں ہوں گے، سلمان اکرم راجا
سانگھڑ: تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رائے سامنے آنے تک پارٹی نئے انتظامی یونٹس کے عمل میں شامل نہیں ہوگی۔
سانگھڑ میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو مکالمے میں شامل کیا جائے، اس کے بعد ہی اس معاملے پر بات ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف سندھ کے عوام اور ان کے حق کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی موجودہ اسمبلی کو تسلیم نہیں کرتی اور 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم کو بھی نہیں مانتی۔ ان کے بقول یہ فارم 47 کی اسمبلی ہے، پہلے شفاف انتخابات کراکے عوام کے حقیقی نمائندوں کو اسمبلی میں لایا جائے۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ نئے صوبے آئینی ترمیم کے بغیر نہیں بن سکتے اور موجودہ اسمبلیوں کو آئینی ترمیم کرنے کا حق حاصل نہیں۔