Pakistan

ایم ایل ون منصوبے پر جلد کام شروع کیا جائے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی تا پشاور مین لائن ون (ML-1) ریلوے منصوبے پر جلد عملی کام شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے نائب صدر ینگ منگ یانگ سے ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ ML-1 منصوبہ مال برداری کے نظام کو جدید بنانے، علاقائی تجارتی روابط مضبوط کرنے اور صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے اہم ہے۔

ملاقات میں ADB کی نئی کنٹری پارٹنرشپ اسٹریٹیجی 2026-2030 کے تحت ترجیحی منصوبوں اور پاکستان میں نجی شعبے، توانائی و غذائی تحفظ، برآمدی مسابقت، مصنوعی ذہانت اور آئی ٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ مالیاتی، ساختی اور انتظامی اصلاحات کے ذریعے پاکستان نے مشکل معاشی بحالی کا مرحلہ کامیابی سے طے کیا ہے۔

ML-1 منصوبہ کراچی سے پشاور تک تقریباً 1,733 کلومیٹر ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن پر مشتمل ہے، جس میں لاہور اور راولپنڈی سمیت اہم شہر شامل ہیں۔ منصوبے کے تحت ریلوے ٹریک کو جدید اور ڈبل ٹریک بنانے کا منصوبہ ہے، جبکہ ٹرینوں کی رفتار 160 کلومیٹر فی گھنٹہ تک بڑھانے کا ہدف ہے۔

حکومت نے طویل عرصے سے تاخیر کا شکار منصوبے کو دوبارہ فعال کرنے کے لیے کراچی تا روہڑی 480 کلومیٹر سیکشن پر ابتدائی کام شروع کرنے کی کوششیں تیز کردی ہیں۔

جواب دیں