Politics

پیپلز پارٹی کا حکومتی قانون سازی میں تعاون روکنے کا اعلان

اسلام آباد:(ہم شہری) پیپلز پارٹی کے رہنما سید نوید قمر نے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ قانون سازی میں تعاون اس وقت تک نہیں کیا جائے گا جب تک پارٹی کے تحفظات دور کرنے کے لیے پیش رفت نہیں ہوتی۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوید قمر نے کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت کی مکمل اتحادی نہیں، تاہم اب تک حکومت کا ساتھ دیتی رہی ہے، اس تعاون کو یکطرفہ نہیں سمجھا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے تحفظات آزاد کشمیر کے انتخابات، ججز کی تقرری اور دیگر معاملات سے متعلق ہیں۔ حکومت نے شکایات کا جائزہ لینے کی یقین دہانی کرائی، تاہم تاحال کوئی خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہوئی۔

نوید قمر کے مطابق حکومت کی جانب سے پیش رفت تک پیپلز پارٹی حکومتی قانون سازی کی حمایت نہیں کرے گی۔ انہوں نے اسلام آباد لوکل گورنمنٹ بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے اس پر اختلافی نوٹ بھی جمع کرا دیا ہے۔

پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان آزاد کشمیر انتخابات اور ججز کی تقرری سمیت دیگر معاملات پر کئی ہفتوں سے اختلافات جاری ہیں۔ پیپلز پارٹی کا مؤقف ہے کہ آزاد کشمیر انتخابات سے متعلق اس کے تحفظات مناسب فورمز پر اٹھانے کے باوجود دور نہیں کیے گئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے