Pakistan

سکردو ضمنی انتخاب، پولنگ آج ہوگی، 10 امیدوار میدان میں

گلگت: گلگت بلتستان اسمبلی کے حلقہ GBA-09 سکردو-III میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ آج ہفتے کو ہوگی، جس میں تقریباً 33 ہزار ووٹرز 10 امیدواروں میں سے اپنے نمائندے کا انتخاب کریں گے۔

ضمنی انتخاب گلگت بلتستان سپریم اپیلیٹ کورٹ کی جانب سے پیپلزپارٹی کے امیدوار فدا محمد ناشاد کو نااہل قرار دیے جانے کے بعد کرایا جا رہا ہے۔ فدا محمد ناشاد جون کے عام انتخابات میں حلقے سے کامیاب قرار پائے تھے۔

ضمنی انتخاب میں فدا محمد ناشاد کے بیٹے اختر عباس پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر جبکہ محمد اجمل مسلم لیگ ن کے امیدوار ہیں۔ سابق وزیر محمد سلیم سمیت دیگر امیدوار آزاد حیثیت میں میدان میں ہیں۔

الیکشن شیڈول کے مطابق پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ عملے کی تعیناتی، سیکیورٹی سمیت تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

حلقے میں مجموعی طور پر 61 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں 25 کو انتہائی حساس، 11 کو حساس جبکہ 25 کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی کے لیے پولیس، گلگت بلتستان اسکاؤٹس اور پاک فوج کے اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر راجا شہباز خان نے کہا ہے کہ انتخابات شفاف، غیر جانب دار اور پُرامن بنانے کے لیے تمام اقدامات مکمل کیے گئے ہیں۔ ضمنی انتخاب فدا محمد ناشاد کی اہلیت سے متعلق قانونی تنازع کے بعد ہورہا ہے، جسے ان کے مدمقابل ذاکر حسین نے عدالت میں چیلنج کیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے