جاپانی فلم فیسٹیول 2026 کا کراچی میں افتتاح
کراچی(ہم شہری) جاپانی فلم فیسٹیول 2026 کا کراچی میں افتتاح کردیا گیا۔ فیسٹیول کا انعقاد جاپانی قونصل خانہ کراچی نے پاکستان جاپان کلچرل ایسوسی ایشن سندھ اور آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے اشتراک سے کیا ہے۔
افتتاحی تقریب میں جاپانی اینیمیٹڈ فلم ’چلڈرن آف دی سی‘ نمائش کے لیے پیش کی گئی۔ اس سال فیسٹیول میں 6 جاپانی فلمیں دکھائی جا رہی ہیں، جن کے ذریعے پاکستانی ناظرین کو جاپانی ثقافت، فن، کہانیوں اور مختلف فلمی اصناف سے متعارف کرایا جائے گا۔
جاپانی قونصل جنرل ہاتوری مسارو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شرکا کی شرکت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہیں امید ہے فیسٹیول بامعنی ملاقاتوں، خوبصورت یادوں اور نئے نقطۂ نظر کا ذریعہ بنے گا۔
تقریب کی اعزازی مہمان اور ’دی گلاس ورکر‘ کی اینیمیٹر شاہزین خان نے اپنے خطاب میں جاپانی اینیمی اور قونصل خانے کی ثقافتی سرگرمیوں کو اپنے تخلیقی سفر کے لیے اہم قرار دیا۔ انہوں نے پاکستان کی پاپ کلچر کمیونٹی اور فنکاروں کی نئی نسل کے لیے جاپانی قونصل خانے کی معاونت کو بھی سراہا۔
فیسٹیول کے تحت جاپانی فلموں کی نمائش ستمبر کے دوران کراچی کے مختلف مقامات پر جاری رہے گی، جس کا مقصد دونوں ممالک کے عوام کے درمیان ثقافتی روابط کو مزید مضبوط بنانا ہے۔